دیوار گرنے سے ماں بیٹی ہلاک، کئی سڑکیں بہہ گئیں، کئی گاؤں کے رابطے منقطع
نارائن پیٹ۔ یکم ؍ ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ ضلع میں دو دن سے ہورہی مسلسل بارش سے ضلع کے تمام چھوٹے اور بڑے تالاب اور کنٹے جل تھل ہوگئے ہیں ، نارائن پیٹ ضلع کے مدور منڈل کے موضع اکامیڈ میں کل رات دیر گئے گھر کی دیوار گرنے سے محو خواب ماں اور بیٹی ہلاک ہوگئے ضلع کے کئی مواضعات کا شدید بارش کے سبب سڑکیں بہہ جانے سے ان مواضعات سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے ،بعض تالابوں کے پشتے ٹوٹ جانے کے اندیشہ کے تحت عوام کو محفوظ مقامات منتقل کیا جارہا ہے ،ضلع ایس پی نارائن پیٹ مسٹر یوگیش گوتم نے خصوصی ٹیلی کانفرنس کے ذریعے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ نارائن پیٹ ضلع سے گزرنے والی کرشنا ندی کے طاس علاقہ کے لوگ بغیر کسی وقفے کے ہو رہی موسلادھار بارش کے پیش نظر چوکس رہیں اور ضلع پولیس انتظامیہ کو چاہئے کہ ہمیشہ چوکنا اور عوام کے لئے دستیاب رہیں۔ جہاں ضروری ہو لوگوں کو خدمات فراہم کریں کیونکہ ندیاں، نالے اور تمام تالاب لبریز ہوکر بہہ رہے ہیں۔ ضلع ایس پی مسٹر یوگیش گوتم نے ایک بیان میں کہا کہ لوگوں کو پیدل اور گاڑیوں کے ساتھ سڑک پار کرتے وقت چوکنا رہنا چاہیے کیونکہ سڑکوں پر پانی کے بڑھنے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام، نوجوان اور بچے سیلفی لینے کے لیے ایسی جگہوں پر نہ جائیں جہاں پانی کا تیز بہاؤ اور تاروں میں کرنٹ دوڑ رہا ہو اور کہیں حادثات کا سامنا نہ ہو۔ سیلاب میں پھنسے اور خطرے میں پڑنے والوں کو ریسکیو کرنے کے لیے ضلعی پولیس انتظامیہ ضلعی پولیس کی جانب سے 24×7 دستیاب رہنے کے لیے تیار ہے، اور اگر لوگوں کو سنگین حالات کا سامنا ہے تو وہ فوری طور پر 100 پر ڈائل کریں اور کنٹرول روم کو کال کریں۔ 8712670399 پر معلومات دیں اور پولیس کی خدمات حاصل کریں۔ اس موقع پر ایس پی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حادثات سے بچنے کے لیے پولیس کے اقدامات میں تعاون کریں۔