نارائن پیٹ : نارائن پیٹ ضلع مستقر پر عیدالفطر نہایت خشوع و خضوع عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی ۔ عیدگاہ نارائن پیٹ میں نارائن پیٹ مستقر و اطراف و اکناف کے زائد از دس ہزار فرزندان توحید نے نماز عید ادا کی ۔ جناب غیاث الدین قادری سجادہ نشین نے نماز عید کی امامت کی اور خطبۂ عید پڑھا ۔ خطبہ سے قبل جناب حافظ محمد چاند پاشاہ نے خطاب کیا ۔ عیدگاہ سے قریب بلدیہ کی جانب سے نصب کردہ شامیانے میں تمام اہم سیاسی و سماجی قائدین نے مسلمانوں کو عید کی مبارکباد دینے کے لئے موجود تھے جن میں قابل ذکر رکن اسمبلی نارائن پیٹ مسٹر ایس راجندر ریڈی ، منڈل صدر پرجا پریشد مسٹر اموکولہ سرینواس ریڈی ، صدرنشین بلدیہ نارائن پیٹ ، ضلع ایس پی مسٹر این وینکٹیشور لو ، کانگریس پارٹی ضلع پریسیڈنٹ مسٹر کے شیوکمار ریڈی ، سابق نائب چیرمین بلدیہ مسٹر نندو ناموجی ایڈوکیٹ ، وائس چیرمین بلدیہ مسٹر ہری نارائن ، سابق صدرنشین زرعی مارکٹ کمیٹی ڈاکٹر کے نرسمہا ریڈی ، یوتھ کانگریس قائدین اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائدین بھی موجود تھے ۔ عیدگاہ میں نمازیوں کے لئے ایس آئی او کی جانب سے ٹھنڈے پانی اور مشروبات کا اہتمام کیا گیا تھا ۔