حیدرآباد ۔30 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے نارائن پیٹ ضلع کے کوڑنگل اسمبلی حلقہ سے تعلق رکھنے والے بی آر ایس قائدین اور کارکنوں کو کانگریس میں شمولیت پر خیرمقدم کیا۔ جوبلی ہلز پارلیمانی حلقہ کے پارٹی آفس میں مدور ، دورے پلی اور دیگر مواضعات سے تعلق رکھنے والے بی آر ایس کے کارکنوں اور قائدین کی کثیر تعداد میں کانگریس میں شمولیت کا اعلان کیا۔ ریونت ریڈی نے پارٹی کا کھنڈوا پہناکر قائدین کا استقبال کیا۔ اس موقع پر نارائن پیٹ کے قائدین نے کہا کہ عوام بی آر ایس حکومت سے سخت ناراض ہیں اور کانگریس کے اقتدار کے خواہاں ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں عوام کی فلاح و بہبود اور تلنگانہ کی ترقی پر توجہ دی گئی تھی۔ گزشتہ 8 برسوں میں کے سی آرحکومت نے عوامی مسائل کو نظر انداز کردیا اور انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی تلنگانہ میں عوامی مسائل پر جدوجہد کر رہی ہے ۔ ریونت ریڈی نے شمولیت اختیار کرنے والے قائدین کو مشورہ دیا کہ اپنے علاقوں میں عوامی مسائل کی یکسوئی پر توجہ دیں۔ر