نارائن پیٹ: میلاد النبی ؐ جلوس 19 ستمبر کو نکالنے کی خواہش

   

16 ستمبر کو گنیش وسرجن، مسلم مذہبی رہنماؤں کے ساتھ ضلع ایس پی کا اجلاس
نارائن پیٹ۔ 3 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آنے والے گنیش تہوار اور عیدمیلاد النبیؐ کے موقع پر، ضلع کے عوام اپنے اپنے تہواروں کو مل جل کر پرامن ماحول میں منائیں ،بغیر کسی فرقہ وارانہ منافرت کے اور بھائی چارگی کے ساتھ خوشگور ماحول کو پروان چڑھائیں اور ان تہواروں کے موقع پر کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے، ضلع ایس پی نارائن پیٹ یوگیش گوتم نے آج صبح ایس پی دفتر کے کانفرنس ہال میں نارائن پیٹ ضلع میں گنیش وسرجن اور میلاد النبیؐ کے موقع پر مسلم مذہبی رہنماؤں کے ساتھ ایک امن میٹنگ کا اجلاس منعقد کیا اس موقع پر ضلع ایس پی نے ان کے مشورے حاصل کئے انہوں نے کہا کہ اس مہینے کی 17 تاریخ تک گنیش اتسو تقاریب جاری رہیں گے ، اسی موقع سے میلاد النبی ؐ16 تاریخ کو آرہاہے، اس موقع پر سیکورٹی کے مسائل پیدانہ ہوں، اس لئے ایس پی نے مذہبی رہنماؤں سے میلاد النبیؐ کے جلوس کوتاخیر سے نکالنے کو کہا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کے حکم پر حیدرآباد میں 19 تاریخ کو میلاد النبی ریلی منعقد کی جارہی ہے کیونکہ گنیش وسرجن ہونے کی وجہ سے 16 تاریخ کو ریلی کے انعقاد میں مشکلات کا خدشہ ہے۔ اسی طرح ایس پی نے مشورہ دیا کہ نارائن پیٹ میں بھی 19 کو میلاد النبی کا جلسہ منعقد کیا جائے۔ ایس پی نے کہا کہ گنیش وسرجن اور میلاد النبی کے تہواروں کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے جائیں گے۔ ایس پی نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ذات پات اور مذہب سے بالاتر ہوکر اپنے تہواروں کو پرامن طریقے سے منائیں۔ ایس پی نے کہا کہ قانون کے مطابق ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جو امن و سلامتی کو خراب کرتے ہیں۔ اس پروگرام میں ڈی ایس پی نلاپو لنگایا، سی آئی ایس شیواشنکر، چندر شیکھر، داسرو نائک، راجندر ریڈی، مسلم مذہبی قائدین نواز موسیٰ، محمدعبدلسلیم، امیر الدین ایڈوکیٹ، تقی چاند، دستگیری چاند، محمودقریشی، مسلم مذہبی قائدین اور دیگر نے شرکت کی۔