نارائن پیٹ میںکورونا مشتبہ شخص کی جانچ کے لئے گاندھی ہاسپٹل منتقلی

   

نارائن پیٹ ۔ 22؍ مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ ضلع میں گلبرگہ کرناٹک سے آنے والے ایک کورونا وائرس سے متاثر مشتبہ شخص کو نارائن پیٹ ضلع ہاسپٹل میں طبی جانچ کے بعد گاندھی ہاسپٹل حیدرآباد روانہ کیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے بموجب موضع پگڑی باری منڈل اوٹکور کا ایک معمر 65 سالہ دھنگر طبقہ سے تعلق رکھنے والا شخص اپنے بھیڑ بکریوں کے ساتھ کرناٹک کے ضلع گلبرگہ گیا ہوا تھا ۔ شدید بخار اور کھانسی سے متاثر ہوا تھا اپنے موضع کو واپس ہوا ۔ اطلاع ملتے ہی میڈیکل ٹیم اس موضع کو پہنچ کرضلع ہاسپٹل منتقل کیا جہاں اس کی ابتدائی جانچ کے بعد گاندھی ہاسپٹل روانہ کیا گیاہے ۔ مبینہ طور پر اس شخص کی کورونا وائرس کی جانچ کی گئی ‘ لیکن رپورٹ منفی آئی ہے ۔ 14 دن تک اس کو مزید گاندھی ہاسپٹل میںآبزرویشن میں رکھا جائیگا ۔ اس کے علاوہ ممبئی سے اپنے وطن واپس ہونے والے (20) افراد کو بھی ضلع ہاسپٹل نارائن پیٹ میں جانچ کی گئی اور ان کے ہاتھوں پر اسٹامپ لگا کر 14 دنوں تک گھروں میں رہنے اور لوگوں سے میل جول نہ کرنے کی ہدایت کے ساتھ روانہ کیا گیاہے ۔ نارائن پیٹ ضلع کی تمام سڑکوں کو جو شہر میں داخل ہوتی ہیں میڈیکل ٹیموں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے ۔