متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس، ایڈیشنل کلکٹر کا خطاب
نارائن پیٹ 20 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع ایڈیشنل کلکٹر مسٹر کے چندرا ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ کل سے ضلع بھر میں بتکما ساڑیوں کی تقسیم کا عمل شروع کریں، آج ضلعکلکٹریٹ نارائن پیٹ میں بتکماں ساڑیوں کی تقسیم کے سلسلہ میں ضلع کے تمام تحصیلداروں اور ایم ڈی اوز کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ ایڈیشنل کلکٹر نے سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ 18 سال سے زائد عمر کی تمام خواتین کو جو سفید راشن کارڈ رکھتی ہوں انہیں بتکماں ساڑی دی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندے اپنے اپنے مقام پر اپنے متعلقہ وارڈ اور گاؤں میں یہ ساڑیاں تقسیم کریں۔ قبل ازیں بلدی وارڈوں اور گرام پنچایتوں میں پرچیوں کی تقسیم عمل میں لائی جانی چاہئے اور اس میں کب اور کہاں ساڑی دی جائے اندراج عمل میں لایا جائے۔ اس بار مسلم خواتین میں بھی ساڑیاں تقسیم کی جائیں گی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ضلع میں مستحق 2,06,186 خواتین کے منجملہ 1,52,000 ساڑیاں وصول ہوئی ہیں اور انہیں متعلقہ منڈلوں کو سربراہ کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماباقی ساڑیاں آئندہ چند دنوں میں آجائیں گی۔ مرنے والوں اور دوسرے مقامات کو منتقل ہونے والوں اور شادی کرکے دوسرے جگہ چلے جانے والوں کو شناخت کرنے کا انہوں نے مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ استفادہ کنندہ خواتین کو ساڑی حاصل کرنے کے لئے آدھار کارڈ یا دوسرا شناختی کارڈ فراہم کرنا ہوگا۔ انہوںنے ساڑیوں کی تقسیم میں تساہلی اور تاخیر نہ کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر ریونیو شریمتی پرمجا رانی، ڈی آر ڈی اے گوپال نائک، آرڈی او رامچندر، اے ڈی ہینڈلوم بابو، میونسپل کمشنر، تحصیلدار اور ایم بی ڈی او و دیگر موجود تھے۔