طلبہ و اساتذہ سے بات چیت، تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کی تلقین ، صفائی کی خاص تاکید
نارائن پیٹ ۔ ضلع کلکٹر نارائن پیٹ شریمتی ہری چندنا ، آئی اے ایس نے آج اسکولوں کی کشادگی کے پہلے دن ضلع مستقر کے گرلز ہائی اسکول اور گراؤنڈ ہائی اسکول کا اچانک دورہ کیا اور اسکولوں کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈی ای او نارائن پیٹ مسٹر لیاقت علی و دیگر ضلعی عہدیدار موجود تھے ۔ ضلع کلکٹر نے اسکولوں کے کلاس رومس کا معائنہ کیا اور طلباء و طالبات سے بات کی ۔ انہوں نے طلباء سے دریافت کیا کہ ایک عرصہ کے بعد اسکول آکر انہیں کیسا محسوس ہو رہا ہے ۔ طلباء نے بتایا کہ انہیں اسکول آکر بہت مسرت ہو رہی ہے ۔ ضلع کلکٹر شریمتی ہری چندنا نے طلباء سے کہا کہ ریاستی حکومت نے تمام سہولتوں کے ساتھ یکم ستمبر سے اسکولوں میں تعلیم کا آغاز کردیا ہے ۔ اس سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے تعلیمی میدان میں آگے بڑھیںاور ریاست میں ضلع کا نام روشن کریں ۔ ضلع کلکٹر نے اسکول کے اساتذہ اور اسٹاف سے بھی گفتگو کی اور دوپہر کے کھانے کے سلسلہ میں حد درجہ احتیاط برتنے اور صاف صفائی کا خصوصی اہتمام کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے طلباء کے درمیان فاصلہ برقرار رکھنے کیلئے طلباء کے بنچوں کے درمیان فاصلہ رکھنے ۔کلاس روموں میں برقی کی سربراہی کا جائزہ لینے صاف پینے کے پانی کا انتظام کرنے حوائج ضروریہ کیلئے باتھ روموں کو صاف ستھرا رکھنے کی ہدایات کی ۔ انہوں نے ہنگامی حالات میں ڈاکٹروں کو طلب کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ انہوں نے صدر مدرسین سے کہا کہ اولیاء طلباء کا ایک مشاورتی اجلاس طلب کرتے ہوئے اپنے اپنے بچوں کو اسکول روانہ کرنے کا مشورہ دیں اور تعلیم ، صحت و صفائی کا تیقن دیں ۔
