ضلع میں 9186 طلبہ کیلئے 18 امتحانی مراکز ، نوڈل آفیسر ریاض حسین کا بیان
نارائن پیٹ : نارائن پیٹ ضلع میں انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کا 6 مئی سے آغاز عمل میں آئے گا اور 22 مئی تک یہ امتحانات منعقد ہوں گے ۔ ضلع میں انٹرمیڈیٹ امتحانات کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ، ان خیالات کا اظہار جناب ریاض حسین ضلع نوڈل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے نمائندہ سیاست جناب مجاہد صدیقی سے گفتگو کے دوران کیا ۔ انھں نے بتایا کہ موسم گرما کے پیش نظر طلباء و طالبات کی سہولت کے لئے تمام امتحانات مراکز میں پینے کے پانی اور کلاس رومس میں پنکھوں کا انتظام کیا گیا ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ ضلع نارائن پیٹ میں جملہ 18 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں، جن میں 8 گورنمنٹ کالجس ، 3 سیکٹر کالجس اور 7 خانگی کالجس شامل ہیں۔ اس سال انٹرمیڈیٹ امتحانات میں ضلع بھر میں 9186 طلباء و طالبات حصہ لے رہے ہیں اور ان طلبہ میں سال اول ، سال دوم اور ووکیشنل کورسس کے طلبہ بھی شامل ہیں۔ امتحانات کے اوقات صبح 9 بجے تا 12 بجے ہوں گے ۔ طلبہ کو چاہئے کہ وہ 8:30 بجے تک امتحانی مراکز کو پہنچ جائیں ۔ امتحانات کی نگرانی کیلئے ایک سیٹنگ اسکواڈ اور ایک فلائنگ اسکواڈ قائم کیا گیا ہے ۔ ایک ہائی پور کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسر ، RJO کے علاوہ ضلع کلکٹر بھی شامل رہیں گے ۔ طلبہ کے لئے امتحانی مراکز میں طبی عملہ کی تعیناتی عمل میں لائی جارہی ہے تاکہ ناگہانی صورتحال میں اُنھیں ہنگامی طبی سہولت فراہم کی جاسکیں۔ طلبہ کے لئے ORS کی پاکٹ بھی امتحانی مراکز میں فراہم کی جارہی ہے۔ ایک منٹ بھی تاخیر سے آنے والے طلبہ کو امتحانی مراکز میں داخلہ نہیں دیا جائیگا ۔ تمام امتحانی مراکز میں امتحانات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے پولیس بندوبست بھی کیا گیا ہے ۔