نارائن پیٹ۔/19 مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ ضلع میں آج سے ایس ایس سی امتحانات کا آغاز عمل میں آیا۔ ضلع بھر میں 37 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ ان مراکز میں 7ہزار 804 طلباء شرکت کریں گے۔ ایس ایس سی امتحانات 19 مارچ تا 6 اپریل جاری رہیں گے۔ امتحانات کی نگرانی کے لئے 37 سپرنٹنڈنٹ کے علاوہ 800 ممتحن مقرر کئے گئے ہیں۔ ان مراکز کا2 فلائنگ اسکواڈ دورہ کریں گے۔نقل نویسی اور تلبیس شخصی کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ مسٹر رویندر ڈی ای او نارائن پیٹ نے بتایا کہ ضلع کے تمام امتحانی مراکز کے قریب دفعہ 144 نافذ رہے گا اور کسی بھی قسم کی گڑبڑ سے نمٹنے کیلئے پولیس کا معقول انتظام کیا گیا ہے۔ کورونا وائرس کے پیش نظر بھی محکمہ صحت کے عملہ کو بھی چوکس کیا گیا ہے۔ــآج آر ڈی او نارائن پیٹ مسٹر سرینواسلو اور ڈی ای او (ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ) مسٹر رویندر نے مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔ ضلع ایس پی نارائن پیٹ محترمہ ڈاکٹر ایم چیتنا( آئی اے ایس ) نے بعض امتحانی مراکز کے قریب پولیس بندوبست کا جائزہ لینے کے لئے دورہ کیا۔ سب انسپکٹر پولیس مسٹر چندر موہن راؤ نے اپنے نئے عہدہ کا جائزہ لینے کے بعد اپنی راست نگرانی میں امتحانی مراکز کے قریب پولیس بندوبست اور پٹرولنگ کا جائزہ لیا۔ امتحانی مراکز میں طلباء کیلئے صاف پینے کے پانی کے انتظامات کئے گئے اور صفائی کا خاص خیال رکھا جارہا ہے۔