نارائن پیٹ میں برقی سربراہی میں خلل

   

رکن اسمبلی راجندر ریڈی کی سی ایم ڈی سے نمائندگی
نارائن پیٹ۔ رکن اسمبلی نارائن پیٹ مسٹر ایس راجندر ریڈی نے آج حیدرآباد میں محکمہ برقی کے سی ایم ڈی راگھوما ریڈی سے ان کے دفتر واقع منٹ کمپونڈ پہنچ کر ان سے ملاقات کی اور حلقہ اسمبلی نارائن پیٹ میں کسانوں کیلئے شعبہ زراعت کے سلسلہ میں ٹرانسفارمرس کی تنصیب اور دیگر برقی آلات کی فراہمی کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ اپنے کھیتوں میں برقی میٹروں کی تنصیب کے لئے ڈی ڈی بھرنے والے کسانوں کو برقی کی موٹر سربراہی کے لئے مواضعات میں ٹرانسفارمرس کی تنصیب عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نارائن پیٹ منڈل کے موضع بنڈہ گنڈہ میں نئے برقی 33/11کے وی اے سب اسٹیشن کی منظوری دی جائے تاکہ حلقہ میں روز بروز بڑھتے برقی سربراہی میں خلل اور لو وولٹیج کے مسائل حل ہوسکیں۔ اس موقع پر راگھوراما ریڈی چیف منیجنگ ڈائرکٹر محکمہ برقی ریاست تلنگانہ نے رکن اسمبلی کو تیقن دیا کہ وہ حلقہ اسمبلی نارائن پیٹ کے لئے برقی سربراہی کے لئے درکار آلات اور ٹرانسفارمرس اور برقی سب اسٹیشنوں کی منظوری کے احکامات جاری کریں گے۔ رکن اسمبلی مسٹر ایس راجندر ریڈی نے سی ایم ڈی محکمہ برقی سے ملاقات کے بعد نارائن پیٹ کے اخباری نمائندوں سے فون پر بات کرتے ہوئے اس ملاقات کو کامیاب اور حلقہ کے لئے برقی مسائل کے لئے بہت ہی موثر قرار دیا۔