نارائن پیٹ میں بی آر ایس کو جھٹکہ ، ضلع پریشد چیرپرسن کانگریس میں شامل

   

نارائن پیٹ۔ 7 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)وزیر اعلیٰ تلنگانہ کے چندرشیکھرراؤ کے ضلع نارائن پیٹ کے دورہ سے قبل بی آر ایس پارٹی کو اس وقت بڑا جھٹکا لگا جب نارائن پیٹ ضلع پریشد چیرمین واناجا انجینیلو گوڈ نے بی آر ایس پارٹی کو استعفیٰ دیتے ہوئے کانگریس پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا اور اپنے سینکڑوں حامیوں کے ہمراہ کانگریس پارٹی صدر ریونت ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے بی آر ایس پارٹی پر الزام عائد کیا کہ پارٹی نے ہمیشہ ہی سے بی سی طبقہ کے ساتھ ناانصافی کی ہے ،ایک طرف جہاں تلنگانہ جدو جہد کے موقع پر کے چندرشیکھرراؤ بی سی طبقہ کی فلاح کو اولین درجہ دیا کرتے تھے وہیں اقتدار کے حصول کے بعد بی سی طبقہ کے ساتھ پارٹی میں بھی انصاف قائم کرنے سے قاصر ہیں۔ ٹکٹ کی تقسیم ہو یا دیگر معاملات میں پچھڑے طبقہ کے ساتھ ناانصافی کی گئی ہے۔ اس لئے میں بحیثیت مہیلا بی سی اس ناانصافی کے خلاف پارٹی کو استعفیٰ دیتے ہوئے کانگریس پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ہامیوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔