نارائن پیٹ : نارائن پیٹ ضلع مستقر پر آج نارائن پیٹ بلدی حدود میں ترقیاتی کاموں کے رکن اسمبلی مسٹر ایس راجندر ریڈی نے 147 لاکھ روپیہ کے مصارف سے کاموں کا سنگ بنیاد رکھا ۔ اسی طرح سروے نمبر 449/A میں 70لاکھ روپیہ کے مصارف سے سائنس پارک کے کاموں کیلئے آج سنگ بنیاد رکھا گیا اور نارائن پیٹ ٹاؤن کے سائی وجئے کالونی میں چلڈرس پارک کی تعمیر کیلئے 45 لاکھ روپیہ کے مصارف سے کاموں کا آغاز عمل میں آیا جس کا سنگ بنیاد رکن اسمبلی مسٹر ایس راجندر ریڈی نے رکھا ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے سی آر کی قیادت میں ریاست تلنگانہ تیزی سے ترقی کی سمت گامزن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نارائن پیٹ جیسے چھوٹے شہروں کے لئے ریاستی حکومت کروڑہا روپئے خرچ کررہی ہے ۔ اس موقع پر صدرنشین بلدیہ شریمتی انسویا چندر کانت ایم پی پی ، مسٹر سرینواس ریڈی ، میونسپل کمشنر سرینواسن ، متعلقہ صنعتی عہدیدار اور اڈیشنل کلکٹر مسٹر سرینواسلو موجود تھے ۔ اس موقع پر ہریتا ہارم پروگرام کے تحت پودے لگائے گئے ۔