نارائن پیٹ میں تلگودیشم کا احتجاجی دھرنا، حکومت پر تنقید

   

نارائن پیٹ۔/11 ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلگودیشم پارٹی حلقہ اسمبلی نارائن پیٹ کی جانب سے ریاستی حکومت ٹی آر ایس کی عوام دشمن و کسان دشمن پالیسیوں اور ڈبل بیڈ روم ، کسانوں کا قرض معافی، ریتوبندھو اسکیم، جزوقتی ملازمین، عارضی ملازمین، سرکاری ملازمین سے کئے گئے وعدوں میں ناکامی کے خلاف نارائن پیٹ کے امبیڈکر چوراہا پر راستہ روکو دھرنا پروگرم منظم کیا گیا۔ جس کے باعث کئی گھنٹے تک ٹریفک معطل رہی۔ اس دھرنے میں ضلعی عہدیدارٹی ڈی پی مسٹر ونئے مترا، راگھووا، بھاسکر ریڈی، اوم پرکاش صراف، یاتنا چودھری، رامو یادو، عبدالرحیم، گوپال یادو، گنجی شینو، بسپا و دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر ضلع عہدیدار مسٹر ونئے مترا یادو نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ ٹی آر ایس پارٹی اپنے انتخابی وعدوں کو فراموش کرتے ہوئے عوامی اعتماد کھوچکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آج کسان اور ملازم سرکار پریشان ہیں۔ مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے ۔ کرپشن عام ہوگیا ہے۔ ترقیاتی کاموں کے نام پر عوامی خزانہ کو لوٹا جارہا ہے۔ ریاست قرض کے دلدل میں ڈوبتی جارہی ہے۔ آر ٹی سی کو خانگیانہ کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ ٹی ڈی پی ، ریاست گیر سطح پر مہم شروع کرنے جارہی ہے۔