نارائن پیٹ۔/18 ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گورنمنٹ ضلع ہاسپٹل نارائن پیٹ میں ہر ہفتہ معذورین کے لئے سدرن کیمپ کا پابندی سے انعقاد عمل میں آتا ہے تاہم معذورین کو معذوری سرٹیفکیٹ کی اجرائی کیلئے صرف آرتھو پیڈک ( ہڈیوں کے ) ڈاکٹر کے علاوہ کوئی ڈاکٹر موجود نہیں ہے جس کے سبب آنکھ ، کان، جسم کے کسی حصہ یا دماغ سے معذور افراد کے لئے متعلقہ ڈاکٹر نہ ہونے سے معذورین کو شدید دشواریوں کا سامنا ہے۔ مذکورہ سدرن کیمپ جو ہر چہارشنبہ گورنمنٹ ضلع ہاسپٹل میں منعقد ہوتا ہے جس میں نارائن پیٹ ضلع کے دوردراز مقامات کوسگی، مدور، ریکل، کرشنا سے معذور لوگ معذوری سرٹیفکیٹ کے حصول کیلئے رجوع ہوتے ہیں۔ ڈاکٹر کی عدم موجودگی کے سبب انہیں آمدورفت کے اخراجات کے علاوہ سفر کی صعبوتیں برداشت کرنے کے باوجود انہیں ڈاکٹرس نہ ہونے کے سبب مایوس لوٹ جانا پڑتا ہے۔ ارباب مجاز سے معذور عوام کا مطالبہ ہے کہ نارائن پیٹ ضلع کے سدرن کیمپ میں کم از کم جزوقتی، کنٹراکٹ اساس پر ڈاکٹروں کی خدمات حاصل کرتے ہوئے معذورین کو سرٹیفکیٹ کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔
