نارائن پیٹ میں سرکاری بلڈ بینک کا افتتاح

   

نارائن پیٹ ۔ /12 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ ضلع مستقر کے گورنمنٹ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہاسپٹل میں آج 35 لاکھ روپئے کے صرفہ سے تعمیر کردہ سرکاری بلڈ بینک کا افتتاح عمل میں آیا ۔ رکن اسمبلی نارائن پیٹ مسٹر ایس راجندر ریڈی نے افتتاح انجام دیا جبکہ ضلع کلکٹر مسٹر ایس وینکٹ راؤ ، صدرنشین ضلع پریشد شریمتی وناجا گوڑ ، صدرنشین زرعی مارکٹ کمیٹی مسٹر صراف ناگراج ، نائب صدرنشین مسٹر چناریڈی و دیگر نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی ۔ اس موقع پر رکن اسمبلی نارائن پیٹ مسٹر ایس راجندر ریڈی نے کہا کہ نارائن پیٹ کو ضلع بنائے جانے کے بعد یہاں ضلعی ہیڈکوارٹر ہاسپٹل میں بلڈ بینک کی شدید ضرورت تھی ۔ مریضوں کو ایمرجنسی کی صورت میں خون کے لئے محبوب نگر اور کبھی کبھی حیدرآباد دور دراز مقامات کا سفر کرنا پڑتا تھا ۔ ریاستی حکومت نے تمام نئے اضلاع میں بلڈ بینک کے قیام کے لئے خصوصی دلچسپی کے ذریعہ یہ سہولت عوام کی سہولت کیلئے دستیاب کی ہے ۔ اس موقع پر ضلع ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ملک ارجن دیگر محکمہ ہیلتھ کے عہدیدار و ٹی آر ایس قائدین موجود تھے ۔