نارائن پیٹ میں سرکاری عمارات کیلئے 55 کروڑ روپئے کی منظوری

   

رکن اسمبلی کا چیف منسٹر سے اظہار تشکر، ضلع بننے کے دو سال بعد بھی عوام کیلئے سہولیات کی عدم فراہمی لمحہ فکر

نارائن پیٹ ۔ نارائن پیٹ ضلع مستقر پر ذاتی سرکاری عمارات کی تعمیر کیلئے ریاستی حکومت نے 55 کروڑ روپئے کی منظوری دی ہے ۔ واضح رہے کہ نارائن پیٹ کو ضلع بنائے دو سال کا عرصہ گذر جانے کے باوجود ضلع مستقر نارائن پیٹ میں اہم سرکاری دفاتر ضلع کلکٹریٹ ، ضلع ایس پی آفس و دیگر سرکاری دفاتر کرایہ کی عمارات میں کارکرد ہیں ۔ اس سلسلے میں رکن اسمبلی نارائن پیٹ مسٹر ایس راجندر ریڈی نے وزیر عمارت و شوارع چیف منسٹر کے علاوہ ریاستی قانون ساز اسمبلی میں کئی مرتبہ اسمبلی میں یہ مطالبہ دہرایا تھا ۔ ضلع نارائن پیٹ میں تاحال بیشتر ضلعی اعلی عہدوں پر بھی باضابطہ تقرر عمل میں نہیں لایا گیا ۔ صرف ضلع محبوب نگر سے انچارج افسران کے طور پرکام چلایا جارہا ہے ۔ چنانچہ عوام کو اپنے مسائل کی یکسوئی کیلئے روزانہ دفاتر کے چکر لگانے پڑتے ہیں ۔ نارائن پیٹ ضلع 11 منڈلوں اور دو حلقہ اسمبلی پر مشتمل اس ضلع کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔ عوام کو بہلانے کیلئے دو سال قبل نارائن پیٹ کو برائے نام ضلع کا درجہ دیا گیا ۔ لیکن یہاں ضلع مستقر میں کوئی سہولت حاصل نہیں ہے ۔ ذرائع کے بموجب نارائن پیٹ کیلئے چیف منسٹر نے 55 کروڑ روپئے کی منظوری کیلئے دستخط کردئے ہیں ۔ علاوہ ازیں تمام سرکاری عہدوں پر راست طور پر تقرر کرنے کے احکامات جاری کر رہے ہیں ۔ اس سلسلے میں میونسپل ریاستی وزرا مسٹر کے ٹی آر اور فینانس وزیر مسٹر ہریش راؤ آر اینڈ بی مسٹر پرشانت ریڈی اکسائز وزیر مسٹر سرینواس گوڑ اور وزیر زراعت نرنجن ریڈی نے نارائن پیٹ کیلئے چیف منسٹر سے سفارشات کی ۔