نارائن پیٹ۔ 4؍جنوری( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) 52ویں راشٹریہ بال وگنیانک پردرشنی (RBVP) 2025 کے تحت “پائیدار مستقبل کے لئے سائنس اور ٹیکنالوجی” کے موضوع پر دوروزہ شاندار ضلعی سائنس فیئر کا انعقاد نرسی ریڈی میموریل گورنمنٹ ڈگری کالج نارائن پیٹ ضلع مستقر میں انعقاد عمل میں لایا گیا ، جہاں ضلع بھرکے باصلاحیت طلباء نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔یونیورسل اسکول کی ہونہار طالبات عائشہ نیلم (کلاس VII، دختر فضل الرحمان، ریسرچ اسکالر) اور انعم (کلاس V، دختر محمد ایوب، ہیڈ ماسٹر، ایم پی پی ایس یو ایم چننا پورلہ) کا پروجیکٹ ‘‘Li-Fi: The Communicator’’ سب کی توجہ کا مرکز رہا۔اس سائنس فیئر کا افتتاح ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مسٹر گووند راجولو نے کیا۔ منتخب پروجیکٹس کو ریاستی سطح کے سائنس فیئر میں پیش کرنے کے لیے آگے بڑھایا جائے گا۔یہ متاثر کن سائنس فیئر بچوں میں تخلیقی اور اختراعی سوچ کو پروان چڑھانے کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے تاکہ وہ عالمی چیلنجز سے نمٹ سکیں اور ایک پائیدار مستقبل کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔