آن لائن درخواستیں داخل کرنے اور دیگر سہولیات کی فراہمی ، اجلاس کا انعقاد
نارائن پیٹ /16 فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نارائن پیٹ ضلع حج سوسائٹی کا ایک اجلاس اردو بھون ، نارائن پیٹ میں سجادہ نشین درگاہ حضرت سید شاہ تقی سرپوش قادری ، جناب محمد غیاث الدین کی نگرانی و صدر حج سوسائٹی جناب الحاج امیر الدین ایڈوکیٹ کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں حج 2023 کے عازمین حج ضلع نارائن پیٹ کی رہنمائی و رہبری کیلئے مرکز بمقام اردو بھون ، شاتاواہنا کالونی میں صبح 10 تا ظہر جناب محمد یسین کریم جی کی نگرانی میں منعقد ہوا ۔ ان کے علاوہ حج سوسائٹی نارائن پیٹ کے دیگر ذمہ داران بھی رہ کر عازمین کی رہنمائی و رہبری کریں گے ۔ حج 2023کیلئے ادخال درخواست 10 فروری تا 10 مارچ تک آغاز عمل میں آیا ہے ۔ اجلاس کا آغاز مولانا مفتی شفاعت علی نظامی کی قرآت کلام پاک سے ہوا ۔ الحاج عثمان عبیداللہ مجاہد صدیقی معتمد عمومی نے سوسائٹی کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی ۔ صدر سوسائٹی الحاج امیرا لدین ایڈوکیٹ نے افتتاحی کلمات میں تفصیلات سے واقف کروایا ۔ مولانا احمد حسینی نظامی نے نعت شریف کا نذرانہ پیش کیا ۔ مولانا عبدالقوی حسامی نے عازمین حجاج کی خدمات کی سعادت و فضیلت پر روشنی ڈالی ۔ اجلاس میں طئے کیا گیا کہ ضلع نارائن پیٹ کے عازمین کی رہنمائی و رہبری حج کو جانے سے پہلے اور آنے کے بعد تمام امور و عوامل میں کی جائے گی ۔ اجلاس میں نائب صدور الحاج عبدالرحمن ، الحاج نظیر موسی ، سرپرست الحاج نواز موسی شریک معتمدین ، تاج الدین ٹنگلی ، ٹریزری ، الحاج خلیل احمد تاج ، قانون مشیر جناب عبدالسلیم ایڈوکیٹ ، ارکان عاملہ الحاج اعجاز حسین ، الحاج محمد غوث انجینئیر ، الحاج تقی چاند کونسلر بلدیہ الحاج عبدالقادر میسوری ، عبدالعظیم ترکی ، محمد تقی ، الحاج محمد غوث چاند ، الحاج عبدالغفور ، الحاج ریاض الدین ، محمد محمود انصاری ، سرفراز حسین انصاری و دیگر موجود تھے ۔ آخر میں مولانا عبدالقوی حسامی کی دعاء پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا ۔ عازمین حج ضلع نارائن پیٹ صدر و معتمد عمومی کے فون نمبرات 9440890416/ 9704444441 پر ربط پیدا کرسکتے ہیں ۔
پداپلی میں مسجد کے توسیعی کاموں کا آغاز
پداپلی۔16/فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز). ضلع پداپلی جدید کلکٹریٹ کامپلیکس سے متصل مسجد فردوس کی توسیع کے کام کا آغازکیا گیا۔ تفصیلات کے بموجب جدید کلکٹریٹ سے متصل مسجد فردوس کی نئی کشادہ تعمیر کے لئے مولانا حامد محمد خان، امیر جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ کے ہاتھوں سنگ بنیاد رکھا گیا۔اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میںکہا کہ مسجد کی توسیع کا ارادہ کیا گیا ہے ۔اگر نیت اور ارادہ اللہ کیلئے ہوگا تو اللہ کی مدد ونصرت شامل حال ہوگی۔اس کے علاوہ شیخ اسحاق ناظم ضلع کریم نگر نے بھی مساجد کی اہمیت و صفات پر خطاب کیا۔ اس موقع پر امیر مقامی جماعت اسلامی ھند ضلع پداپلی محمد عبدالحئی جاوید، محمد عبدالرحمن، سیف الدین، خواجہ تمیز الدین محمود، ایم اے حمید، شعیب، سرورالدین، سید حبیب اللہ مسرت، محمد فیاض،محمد لیاقت علی، ڈاکٹر عزیز ، مولانا عبدالحنان، عبداللہ ، فہیم، صدیق احمد، عبدالحمید ، ایم اے معید، سید صابر کے علاوہ شہریان پداپلی کی کثیر تعداد موجود تھی۔