نارائن پیٹ میں متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس، اصول و ضابطے پر عمل کی ہدایت ، کلکٹر کا خطاب

   

ایم ایل سی انتخابات کے انتظامات کا جائزہ

نارائن پیٹ۔/4مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر نارائن پیٹ مسٹر کویا سری ہرشا ( آئی اے ایس ) نے ہدایت دی کہ اساتذہ زمرہ کے ایم ایل سی حلقہ کے انتخابات میں رائے دہی کے اصولوں کو پوری طرح نافذ کیا جائے۔ ضلع کلکٹر آج کلکٹریٹ نارائن پیٹ کے کانفرنس ہال میں مائیکرو مبصرین پی او پولس اور ریوینیو عہدیداروں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس میں مہمان خصوصی کے طور پر شریک تھے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ایم ایل سی انتخابات میں انتخابی عمل کو بخوبی انجام دینے کے لئے مائیکرو مبصرین کے طور پر پی اوز کا کردار بہت اہم ہوتا ہے۔ ہر پی او، پولنگ آفیسر کو انتخابی عمل کے قوانین اور اصولوں سے بخوبی واقفیت حاصل ہونی چاہیئے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ اگر کوئی کسی کو اس کام میں کوئی شبہات و شکوک ہیں تو پہلے بتادیں تو انہیں کہیں دوسرے کام پر مقرر کیا جائے گا۔ انتخابات کے دن کسی بھی غلطی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں 5 رائے دہی کے مراکز قائم کئے گئے ہیں جن میں رائے دہندوں کی تعداد 664 ہے۔ رائے دہی 13 مارچ کو صبح 8 بجے تا شام 4 بجے تک ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ایک روز قبل رائے دہی مراکز تک میٹریل لے جا سے لے کر رائے دہی کی تمام تیاریاں مکمل کرلی جائیں۔ مہاتما جیوتی با پھولے اسکول میں میٹریل تقسیم کا مرکز قائم کیا گیا ہے جہاں سے رائے دہی مرکز تک پہنچنے والے راستوں پر پوری احتیاط کے ساتھ آنے جانے کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ انتخابی مراکز میں پینے کے پانی، حوائج ضروریہ، کھانے اور روشنی کے انتظامات انتخابی عملے کیلئے کئے جائیں ۔ اس اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر میانک متل، آر ڈی او رامچندر نائیک، ڈی ایس پی ستیہ نارائنا، ضلعی عہدیدار کرشنما چاری، ڈاکٹر لیاقت علی ناظر تعلیمات، جان سدھاکر اگریکلچر آفیسر، تحصیلدار، ایم پی ڈی او، سی آئی و دیگر نے شرکت کی۔