نارائن پیٹ میں وکلاء کی زنجیری بھوک ہڑتال جاری

   

نارائن پیٹ ۔ نارائن پیٹ بار اسوسی ایشن کے وکلاء نے ضلع پداپلی کے منتھمنی میں ہائی کورٹ کے وکلاء جوڑے کے بہیمانا قتل کے خلاف اپنے غم و غصہ کااظہار کرتے ہوئے نارائن پیٹ سب کورٹ کے روبرو غیرمعینہ مدت کی زنجیری بھوک ہڑتال کا آغاز کردیا ہے۔ آج ہڑتال کے دوسرے دن وکلاء نے گھٹنوں کے بل بیٹھ کر احتجاج کیا ۔ اس موقع پر صدر بار اسوسی ایشن نارائن پیٹ مسٹر دامودھر گوڑ ایڈوکیٹ نے ہڑتالی کیمپ میں اپنے خطاب میں ریاستی حکومت پر الزام عائد کیا کہ حکومت وکلاء برادری اور قانون دانوں کی حفاظت میں ناکام ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں آئے دن قانون دانوں کو ظلم و ستم کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ انہوں نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس بے دردانہ قتل کیس جس میں دو قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہیں ۔ سی بی آئی کے ذریعہ تحقیقات کروائی جائیںاور خاطیوں کو جلد از جلد گرفتار کرتے ہوئے انہیں کیفر کردار تک پہونچایا جائے بصورت دیگر یہ احتجاج ریاست گیر سطح پر حیدرآباد میں شروع کیا جائے گا ۔ اس موقع پر سابق صدر مسٹر وینکٹ ریڈئ اور سکریٹری جناب عبدالسلیم ایڈوکیٹ نائب صدر مسٹر لکشمی پتی گوڑ نے بھی مخاطب کیا ۔ اس زنجیری بھوک ہڑتال میں بار اسوسی ایشن کے والد مسرز اکولا بالیا ، پربھاکر وردھن ، رامچندریا ، نرسملو یادو ، مہیں گوڑ ، شریمتی ناگیشوری ، شریمتی لکشمی ، جناب سہیل احمد ایڈوکیٹ و دیگر نے شرکت کی ۔