نارائن پیٹ اسمبلی حلقہ میں 270 اور مکتھل اسمبلی حلقہ میں 284 پولنگ مراکز
نارائن پیٹ۔ 12 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع الیکشن افسر اور کلکٹر کویا سری ہرشا نے کہا کہ نارائن پیٹ ضلع میں 13 مئی کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے لیے سب کچھ تیار کر لیا گیا ہے۔ محبوب نگر پارلیمانی حلقہ کے تحت،نارائن پیٹ اورمکتھل اسمبلی حلقوں کے حوالے سے مائیکرو آبزرور اور فائنل رینڈمائزیشن کا عمل محبوب نگر ڈسٹرکٹ انٹیگریٹڈ کلکٹریٹ میں شیوانگ گیاچو بھوٹیا، ریٹرننگ آفیسر جی روینائک، نارائن پیٹ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر کویا سری ہرشا کی نگرانی میں انجام دیا گیا۔ اسمبلی حلقوں کے لیے 171 مائیکرو آبزرور الاٹ کیے گئے ہیں جن میں دونوں حلقوں کے پولنگ مراکز کے لیے ریزرو بھی شامل ہے۔ نارائن پیٹ اسمبلی حلقہ کے 270 پولنگ اسٹیشنوں اور مکتھل اسمبلی حلقہ کے 284 پولنگ اسٹیشنوں کے لیے کل 2624 پولنگ عملہ کو تفویض کیا گیا ہے۔ نارائن پیٹ حلقہ کے لیے 320 پریزائیڈنگ
آفیسرس، 320 اسسٹنٹ پریذائیڈنگ آفیسرس اور 640 او پی اوز کو بھرتی کیا گیا ہے۔ مکتھل حلقہ کے 336 پریزائیڈنگ آفیسرز، 336 اسسٹنٹ پریذائیڈنگ آفیسرز اور 672 او پی اوز لیے گئے ہیں۔ نارائن پیٹ حلقہ میں کل 2,36,182 ووٹر ہیں جن میں سے 119682 خواتین ووٹر، 116497 مرد ووٹر اور تین دیگر ووٹر ہیں۔ مکتھل حلقے میں 244173 ووٹرز ہیں جن میں سے 119809 مرد، 124363 خواتین اور ایک ووٹر ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کو شفاف اور پرامن طریقہ سے کرانے کے لیے پولیس اہلکاروں کے ساتھ مرکزی مسلح افواج کو تعینات کیا گیا ہے۔