پابندی کے باوجود ڈی جے کا آزادانہ استعمال، حساس مقامات پر پولیس کا سخت بندوبست
نارائن پیٹ۔/10 ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ مستقر پر گنیش وسرجن جلوس کا پُرامن انعقاد عمل میں آیا۔ ٹاون میں اس مرتبہ تقریباً سو سے زائدچھوٹی، بڑی مورتیوں کی ایستادگی عمل میں آئی تھی۔ جلوس کا آغاز حسب سابق قدیم رات دیر گئے عمل میں آیا۔ جلوس کے پیش نظر پولیس کے سخت صیانتی انتظامات کئے گئے تھے۔ ضلع ایس پی نارائن پیٹ مسٹر این وینکٹیشورلو نے جلوس کی راست نگرانی کی۔ حساس مقامات پر پولیس کا بھاری بندوبست کیا گیا تھا۔ جلوس گذرنے کے راستوں پر واقع مساجد کو بڑے پردوں سے ڈھانک دیا گیا تھا۔ جلوس میں کسی بھی قسم کی نقص امن کی کوششوں کے تدارک کے لئے ویڈیو گرافی کے علاوہ سی سی کیمروں کے ذریعہ کنٹرول روم کے ذریعہ نگرانی کی جارہی تھی۔ رکن اسمبلی مسٹر ایس راجندر ریڈی نے ٹاؤن کے قدیم چوراہا پہنچ کر اپنے پارٹی رفقاء کے ساتھ گنیش وسرجن جلوس کا استقبال کیا۔ ڈی جے پر پابندی کے باوجود جلوس میں ڈی جے کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔ وسرجن کے لئے نارائن پیٹ کے کنڈا ریڈی پلی تالاب منی ٹینک بنڈ میں مورتیوں کا نمرجن کیا گیا۔ جلوس تادم تحریر جاری ہے اور آج رات دیر گئے تک مورتیوں کا نمرجن جاری رہے گا۔