نارائن پیٹ میں 78.29 فیصد رائے دہی

   

Ferty9 Clinic

بی آر ایس اور کانگریس میں کانٹے کا مقابلہ، کم فرق سے کامیابی کا امکان

نارائن پیٹ ۔ یکم ؍ ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ ضلع کے دو اسمبلی حلقوں، نارائن پیٹ اور مکتھل میں شام 7 بجے تک بالترتیب، نارائن پیٹ 78.29 فیصد اور مکتھل حلقہ اسمبلی میں 75.26 فیصد رائے دہی شمار کی گئی جبکہ شام 5 بجے تک وقت ختم ہونے تک جو دونوں حلقوں میں رائے دہی کا فیصد رہا وہ بالترتیب 66.13 اور 69.21 نوٹ کیا گیا تھا۔ تاہم بعض مقامات سے دیر سے اطلاع آنے اور ای وی ایم مشینوں کے پہنچنے میں تاخیر کے سبب شام 7 بجے تک قطعی رائے دہی کا فیصد سامنے آیا۔ نارائن پیٹ کے دو اسمبلی حلقوں نارائن پیٹ اور مکتھل میں بی آر ایس اور کانگریس پارٹی کا سخت کانٹے کا اور دو رخی مقابلہ نظر آرہا ہے، اور تھوڑے سے فرق کے ساتھ کسی ایک پارٹی کی جیت اور ہار ہوگی۔ حلقہ مکتھل میں کانگریس کا پلڑا بھاری نظر آرہا ہے۔ آج رائے دہی کے دوسرے دن نارائن پیٹ ٹاؤن و اطراف منڈلوں میں لوگ اپنے اپنے گھروں میں بند اور سڑکیں سنسان نظر آرہی تھیں جو طوفان سے پہلے کی خاموشی سے تعبیر کیا جارہا ہے۔ کسی انقلاب سے پہلے کی صورتحال کا پیش خیمہ ہوسکتا ہے۔ نارائن پیٹ کے بی آر ایس امیدوار ایس راجندر ریڈی نے اپنے آبائی مقام کوئل کونڈہ کے موضضع شہر وینکٹاپور میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا جبکہ کانگریس امیدوارہ ڈاکٹر پرنیکا ریڈی نے اپنے آبائی مقام دھنواڑہ میں حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔