نارائن پیٹ: ٹریفک قوانین شعور بیداری پروگرام

   

پولیس کے ساتھ تعاون کرنے ایس پی یوگیش گوتم کی عوام سے خواہش
نارائن پیٹ۔/16 ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع ایس پی نارائن پیٹ مسٹر یوگیش گوتم آئی پی ایس کی ہدایت پر نارائن پیٹ ضلع مستقر کے قدیم بس اسٹانڈ کے قریب ٹریفک پولیس نے غیر نمبر پلیٹس کی گاڑیوں ، شراب پی کر گاڑی چلانے والوں، زیر التواء چالانات اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو روک کر انہیں اجتماعی طور پر ٹریفک قوانین سے واقف کروایا۔ اس موقع پر ٹریفک کانسٹبل مسٹر تروپتی نے بتایا کہ اگر ہر موٹر سیکل راں ٹریفک قوانین کی پابندی کریں تو وہ آسانی سے اپنے گھر پہنچ جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ نشہ کیا ہو تو چیکنگ کے دوران وہ پکڑا جائے گا اور جرمانے الگ سے عائد ہوں گے اور جیل بھیجا جائے گا۔ شراب پی کر گاڑی چلانے پر حادثات بھی ہوسکتے ہیں اور جان جانے کا بھی احتمال ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر گاڑی کا نمبر درست ہونا چاہیئے کیونکہ نمبر پلیٹ نہ ہونے کی صورت میں چوری کی گاڑیاں بھی ہوسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر گاڑی نہیں چلائی جائے۔ گاڑی چلانے والوں کو ہیلمٹ، سیٹ بیلٹ پہننا لازمی ہے۔ موٹر سیکل سوار اپنی گاڑی کوسڑک کے کنارے پارک نہ کرے۔ دو پہیوں والی گاڑی پردو سے زیادہ افراد سوار نہ ہوں۔ آٹوز میں بہت زیادہ بچے اور مزدور نہیں لے جانے چاہیئے۔ ڈرائیونگ کے دوران فون پر بات نہ کریں۔ گاڑیوں کو محدود رفتار سے چلانا چاہیئے ۔ بغیر پرمٹ والی گاڑیوں اور آٹو میں سفر نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو پولیس کے ساتھ تعاون کرنا چاہیئے۔