نارائن پیٹ: چٹم خاندان کی ڈاکٹر پرینکا کو کانگریس ٹکٹ

   

سرگرم سیاست میں شامل شیوا کمار ریڈی کی تائید، مقابلہ دلچسپ ہونے کا امکان

نارائن پیٹ۔ 4۔نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ اسمبلی نارائن پیٹ سے کانگریس پارٹی کی جانب سے ڈاکٹر چٹم پرینکا ریڈی کو ٹکٹ دینے پر کانگریس پارٹی کارکنوں میں جشن کا ماحول ہے، وہ ہر دلعزیز جواں سال قائد آنجہانی چٹم ونکٹیشور ریڈی کی دختر ہیں۔ ڈاکٹر چٹم پرینکا ریڈی کا تعلق چٹم خاندان سے ہے۔ نارائن پیٹ ضلع میں چٹم خاندان کو کافی اہمیت حاصل ہے۔ ڈاکٹرچٹم پرینکا ریڈی سابق مکتھل رکن اسمبلی آنجہانی چٹم نرسی ریڈی کے بڑے بیٹے آنجہانی چٹم ونکٹیشور ریڈی کی بڑی صاحبزادی ہیں جن کو 15اگسٹ 2005 میں نیکسلائٹس کی جانب سے ترقیاتی کاموں کے افتتاحی تقریب میں گولی مار کر شہید کردیا تھا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ مزید 9 کانگریسی بھی شہید ہوئے تھے۔ اس واقعہ کے بعد سے نارائن پیٹ ضلع میں چٹم خاندان کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوا ہے، جس کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ موجودہ مکتھل رکن اسمبلی مسٹر چٹم رام موہن ریڈی جنہوں نے 2005 سے انتخابی میدان میں ان کے والد کی شہادت کے بعد سے حصہ لینا شروع کیا سابقہ 18 سالوں میں 2 بار کانگریس پارٹی امیدوار کے طور پر انتخابی میدان میں کامیابی حاصل کی، بعد میں ٹی آر ایس پارٹی شمولیت اختیار کی اور ایک بار بی آر ایس پارٹی سے انتخابی میدان میں کامیابی حاصل کی اس بار بھی بی آر ایس پارٹی سے حلقہ اسمبلی مکتھل سے امیدوار ہیں۔ ان کے علاؤہ سابق ریاستی وزیر و نائب صدر بی جے پی ڈی کے ارونا بھی آنجہانی چٹم نرسی ریڈی کی صاحبزادی ہیں۔ عوام اور پارٹی کارکنوں کی توقع کے برخلاف شیواکمار ریڈی جو سابقہ 15 سال سے نارائن پیٹ کی عملی سیاست میں سرگرم ہیں اور سابق میں دو بار بی آر ایس پارٹی امیدوار کو سخت مقابلہ دیتے ہوئے نہایت ہی کم ووٹوں سے ہار کا سامنا کیا تھا انہوں نے بھی ڈاکٹر چٹم پرینکا ریڈی کی حمایت کا اعلان کیا ہے جس سے یہ توقع کی جا رہی ہے کہ اسمبلی انتخابات نارائن پیٹ حلقہ اسمبلی کیلئے کافی دلچسپ رہیں گے۔ چونکہ موجودہ صورتحال میں چٹم خاندان سے تعلق رکھنے والے افراد جن میں قابل ذکر ڈی کے ارونا جو بی جے پی کی نائب صدر ہیں تو دوسری طرف مکتھل بی آر ایس پارٹی امیدوار و رکن اسمبلی مسٹر چٹم رام موہن ریڈی بی آر ایس پارٹی سے ہیں ایسے میں اچانک ڈاکٹر چٹم پرینکا ریڈی کو کانگریس پارٹی کی جانب سے انتخابی میدان میں اتارنا کافی دلچسپی کا باعث ہے۔ یہاں یہ تذکرہ بھی بے جا نہ ہوگا کہ ابتدا ہی سے حلقہ سمبلی نارائن پیٹ کیلئے مسٹر ایرا شیکھر جوکہ مدیراج طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کے علاوہ مسٹر شیواکمار ریڈی کا نام بھی سامنے آرہاتھا ایسے میں ان تمام سروے رپورٹس اور عوام و پارٹی کارکنوں کی توقع کے برخلاف ڈاکٹر چٹم پرینکا ریڈی کو کانگریس کی جانب سے ٹکٹ دیا جانا اور ان کی تائید میں مسٹر کے شیواکمار ریڈی کا ان کی تائید کرنا کانگریس کیلئے ماسٹر اسٹوک ثابت ہو سکتا ہے۔