نارائن پیٹ ۔20 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کے اعلان کے بعد ضلع نارائن پیٹ میں بھی آرٹی سی خدمات کل سے بحال کردی گئیں ہیں اس سلسہ میں ڈپو مینیجر سوریا پرکاش نے بتایا کہ نارائن پیٹ ڈپو سے صرف ریاست تلنگانہ کے موجودہ تمام روٹس پر بسیں چلائی جائینگی جبکہ پڑوسی ریاست کرنا ٹک و مہاراشٹرا (ممبئی) کے لیے ابھی خدمات بحال نہیں کی گئی ہیں، صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک ہی آرٹی سی خدمات سے استفادہ کیا جاسکتا ہے،جبکہ حکومت ہند و تلنگانہ کی جانب سے شام 7 بجے سے صبح 6 بجے تک کا کرفیو برقرار رکھا گیا ہے، انہوں نے بتایا کہ نارائن پیٹ سے حیدرآباد کے لیے صبح 6 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک اور حیدرآباد (آرام گھر) سے نارائن پیٹ صبح 6 بجے سے 3 بجے تک بس خدمات دستیاب رہینگی،حیدرآباد چونکہ سرخ زمرہ میں ہے اسی لیے آرام گھر چوراہا آخری منزل ہوگااور وہیں سے ہی نارائن پیٹ واپسی کے لیے بس دستیاب رہینگی۔انہوں نے بتایا کہ مسافرین و آر ٹی سی عملہ کے لیے تمام بسوں میں سینٹائزر دستیاب رہیگا،بعد سفر ان بسوں پر کیمائی محلول کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے تاکہ کرونا وائرس کی مشتبہ موجودگی کو ختم کیا جاسکے،مزید انہوں نے بتایا کہ ایک ایکسپریس بس میں صرف 43 مسافرین سماجی فاصلہ کا لحاظ کرتے ہوے سفر کرسکتے ہیں،جبکہ ٹکٹ کی شرح میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا گیا ہے،اور انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ماسک کا استعمال کریں ،ماسک کی غیر موجودگی پر بسوں میں سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔نارائن پیٹ مستقر میں واقع ڈپو میں آرٹی سی عملہ کے لیے پیر سے استعمال کنندہ ہیانڈ واش و سینیٹائزر مشین بھی نصب کی گئی ہے،عرض محکمہ آر ٹی سی نارائن پیٹ کی جانب کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تمام تر احتیاطی تدابیر پر بھر پور عمل آوری کیجارہی ہے۔
