ایس پی ضلع ڈاکٹر چیتنیا کی خصوصی دلچسپی سے کامیاب کارروائی‘ملازمین کو ایوارڈ
نارائن پیٹ ۔ 16 ؍ جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ ضلع کے منڈل اوٹکور کے موضع ایرگٹ پلی کا متوطن کے پدیا ولد ونکٹپا 2016 میں مزدوری کے لئے حیدرآباد گیاتھا ‘ تاہم واپس نہیں آیا۔ اس کی بیوی اور گھروالوں نے اس کو کافی تلاش کیا اس کے لاپتہ ہونے کی شکایت نارائن پیٹ پولیس اسٹیشن میں بھی کروائی گئی ۔ ایس پی ضلع نارائن پیٹ محترمہ ڈاکٹر ‘ایم چیتنیا کی خصوصی دلچسپی سے اس گمشدہ شخص جس کی عمر 45 سال ہے اترپردیش کے ضلع جھانسی کے پریم نگر مقام پر واقع ایک دھابہ سے برآمد کرلیا گیا ۔ اس مہم میں اے ایس آئی مسٹر انجینلو اور پولیس کانسٹبل ترپتیا نے حصہ لیا ۔ پدیا کی بیوی جو تین بچوں کی ماں ہے اپنے شوہر کے ملنے پر کافی خوش ہے ۔ تفصیلات کے بموجب معاشی پریشانیوں کی وجہ سے پدیا حیدرآباد سے نامعلوم مقام کو روانہ ہوا ۔ اترپردیش کے ضلع جھانسی میں پریم نگر ہائی وے پر وہ ایک دھابہ میں کام کرنے لگا وہ اپنے گاؤں کو بیوی بچوں کے پاس جانا چاہتا تھا اور اس نے کوشش بھی کی تاہم دھابہ کے مالکین نے اسے جانے نہیں دیا ۔ یہاں کے کچھ لوگوں نے اس شخص کو دھابہ پر دیکھ لیا اور یہاں آ کر اطلاع دی ۔ پولیس کے وہاں پہنچنے پر دھابہ مالکین نے اس کو چھپا دیا ۔ تاہم مذکورہ پولیس وہاں چند دن قیام کر کے اس کو وہاں سے بالآخر برآمدکرلیا ۔ اس مہم میں حصہ لینے پر ایس پی محترمہ چیتنیا نے انجنیلو اور ترپتا کو ایوارڈ عطا کیا ۔
