نئے سال کی خوشیاں دوبالا ، ٹی آر ایس کارکنوں کی ریالی ، مختلف طبقات کی جانب سے رکن اسمبلی کو تہنیت
نارائن پیٹ۔ 3 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ کو 32 واں ضلع بنائے جانے کیلئے سرکاری اعلامیہ کی اجرائی کے ساتھ ہی نارائن پیٹ میں آج جشن کا ماحول دیکھا گیا۔ سماج کے تمام طبقات اور طلباء نے بھی جشن میں حصہ لیتے ہوئے ریالیاں نکالیں اور آتش بازی کرتے ہوئے مٹھائیاں تقسیم کیں۔ نارائن پیٹ کے عوام کو نیا سال 2019ء تاریخی اعتبار سے یادگار سال ثابت ہوا۔ عوام کی نئے سال کی خوشیاں دوبالا ہوگئیں۔ جب یہ اعلامیہ ٹی وی اور اخبارات کے ذریعہ عام ہوا، ٹی آر ایس کارکنوں نے پارٹی کی جانب سے ریالی کا اہتمام کیا اور تلنگانہ چوراہا پر جلسہ عام کا اہتمام بھی کیا گیا جس کو رکن اسمبلی نارائن پیٹ ایس راجندر ریڈی، سابق ریاستی وزیر صحت سے ڈاکٹر لکشما ریڈی اور رکن اسمبلی مکتھل رام موہن ریڈی نے مخاطب کیا۔ اس موقع پر رکن اسمبلی ایس راجندر ریڈی اور مذکورہ قائدین کی زبردست گلپوشی اور شال پوشی کی گئیں۔ راجندر ریڈی نے اس جلسہ عام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مخالفین کو یقین نہیں ہورہا تھا کہ نارائن پیٹ ضلع بنے گا لیکن حرکیاتی چیف منسٹر کے سی آر نے اپنے وعدہ کے مطابق نارائن پیٹ کو ضلع بناکر بتایا۔ انہوں نے کہا کہ اب نارائن پیٹ کے اچھے دن کا آغاز ہوگیا ہے۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ نارائن پیٹ کو مثالی ضلع اور حلقہ اسمبلی میں تبدیل کرکے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نارائن پیٹ کے عوام ٹی آر ایس کو اور انہیں یہاں کی ترقی و خوشحالی کیلئے ووٹ دے کر کامیاب ہے۔ ڈاکٹر لکشما ریڈی سابق وزیر صحت نے کہا کہ مسٹر کے سی آر، اپنے کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کرنے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑے ہیں۔ رام موہن ریڈی رکن اسمبلی مکتھل نے اپنے والد آنجہانی نرسی ریڈی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شہادت نارائن پیٹ کی ترقی و خوشحالی کے لئے کی جانے والی عظیم قربانی کے طور پر یاد رکھی جائے گی۔ اس موقع پر ضلع سادھنا سمیتی نارائن پیٹ کی جانب سے رکن اسمبلی ایس راجندر ریڈی، سابق وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی اور رکن اسمبلی مکتھل رام موہن ریڈی کو تہنیت پیش کی گئی۔ اس موقع پر ٹی آر ایس قائدین کے علاوہ صدر ضلع سادھنا سمیتی منوہر گوڑ، غلام محی الدین چاند، ارشد فیصل، مجاہد صدیقی، کاشی ناتھ، نکوبا، گوپال یادو، محمد غوث اور دیگر موجود تھے۔