نارائن پیٹ کے مستحق بافندوں میں مالی امداد کی تقسیم

   

رکن اسمبلی راجندر ریڈی کی اہلیہ سواتی ریڈی کا مستحسن اقدام، حکومت سے بھی نمائندگی کا تیقن

نارائن پیٹ۔ رکن اسمبلی نارائن پیٹ مسٹر ایس راجندرریڈی کی اہلیہ شریمتی سواتی ریڈی نے وبائی بیماری کورونا کے دوران بے روزگا ہونے والے غریب بافندوں کی معاشی حالت میں کچھ حد تک مدد کے طور پر نارائن پیٹ ٹاون کے تقریباً 120 خاندانوں میں فی کس دو ہزار روپئے کی مالی امداد کی ہے۔ اس سلسلہ میں ایم ایل اے کیمپ آفس میں منعقدہ ایک تقریب میں جس میں رکن اسمبلی نارائن پیٹ مسٹر ایس راجندر ریڈی، صدر نشین بلدیہ نارائن پیٹ، شریمتی انسویا چندرکانت کے علاوہ ارکان بلدیہ، ٹی آر ایس قائدین نے شرکت کی۔ اس موقع پر شریمتی سواتی ریڈی نے کہا کہ اس کے علاوہ ریاستی حکومت کی جانب سے وقت آنے پر بے روزگار ہونے والے بافندوں کی مالی اعانت کی جائے گی۔ ان کی یہ امداد جزوی ہے۔ ٹاون کے ارکان بلدیہ کے تعاون سے وارڈ واری سطح پر مستحقین کی فہرست تیار کی گئی تھی۔ انہیں بافندوں کی حد تک امداد فی الوقت دی گئی ہے اور یہ مدد وہ اپنی ذاتی آمدنی سے دے رہی ہیں۔ امید کہ اہل خیر حضرات بھی دیگر طبقات اور غریب کی مالی اعانت کے لئے آگے آئیں گے۔ انہوں نے نارائن پیٹ کے متاثرہ بافندوں کو ریاستی حکومت سے بھی امداد فراہم کرنے کیلئے اپنے طور پر متعلقہ وزیر اور چیف منسٹر سے نمائندگی بھی کریں گے۔