نارائن پیٹ ۔ 14 ستمبر (سیاست نیوز) سید ظہور پاشاہ اور ان کی اہلیہ نازین ظہور نے اس وقت ان کی آنکھوں پر یقین نہیں کرسکے جب ان کا بیٹا محمد صوفیان جو جنگ سے دوچار روس میں پھنس گیا تھا، تقریباً 9 ماہ کی کڑی آزمائش کے بعد جمعہ کی رات محفوظ طور پر گھر واپس ہوا۔ سید کے چھوٹے سے گھر میں جذباتی مناظر دیکھے گئے۔ اس کے والدین نے اسے گلے لگا لیا کیونکہ ان کی دعا قبول ہوگئی تھی۔ وزیراعظم نریندر مودی کی روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے ملاقات اور جنگ سے دوچار اس ملک میں ہندوستانی نوجوانوںکے پھنس جانے کے مسئلہ کو اٹھانے کے بعد دو ماہ کا عرصہ ہورہا ہے۔ صوفیان کے بھائی سلمان ظہور سید نے کہا کہ ’’میرے والدین کی امید تقریباً ختم ہوگئی تھی لیکن ہندوستانی حکومت کا شکریہ کہ اس کی وجہ میرا بھائی محفوظ گھر واپس ہوا ہے‘‘۔ 6 ستمبر کو صوفیان کا کنٹراکٹ منسوخ ہونے کے بعد انہیں بتایا گیا کہ چند دن میں ہندوستان جانے کیلئے تیار ہوجائیں۔ تمام رسمی کارروائی کی تکمیل کے بعد صوفیان اور دیگر پانچ نے جمعرات کو ماسکو سے نئی دہلی کیلئے طیارہ میں سوار ہوئے۔ صبح 3:30 بجے نئی دہلی پہنچنے کے بعد وہ حیدرآباد جانے والی فلائیٹ میں سوار ہوکر گھر پہنچے۔ سلمان نے یہ بات کہی۔ 23 سالہ صوفیان چند ہندوستانی نوجوانوں میں ایک ہے جنہیں ایجنٹس نے دھوکہ سے روس۔ یوکرین جنگ زون میں لگادیا تھا۔