نارائن کھیڑ : الیکشن ڈیوٹی انجام دینے والے ٹیچرس پر لاٹھی چارج

   

سنگاریڈی ۔14 مئی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ کے سنگاریڈی ضلع میں لوک سبھا انتخابات کی پولنگ کے دوران ڈیوٹی انجام دینے والے ٹیچرس پر پولیس نے لاٹھی چارج کردیا۔یہ واقعہ پیر کی رات اس وقت پیش آیا جب سنگاریڈی ضلع کے نارائن کھیڑ اسمبلی حلقہ میں الیکشن ڈیوٹی انجام دینے والے ٹیچرس نے الیکشن عہدیداروں کی جانب سے ڈیوٹی کی کم رقم دینے پر احتجاج کیا اور ڈیوٹی کی مکمل رقم ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔بتایا جاتا ہے کہ الیکشن ڈیوٹی کرنے والوں کیلئے 3150 روپئے مقرر کیا گیا تھا مگر افسروں کو عدم معلومات کی وجہ سے 2550 روپئے دیئے گئے جس پر احتجاج کیا گیا اور مقررہ 3150 روپئے دینے کے لئے کہا گیا ۔ اس موقع پر الیکشن عہدیداروں نے بتایا کہ الیکشن ڈیوٹی کی جو رقم طئے کی گئی ہے اس رقم کو ہی ادا کیا گیا ہے اس جواب پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ٹیچرس نے احتجاج جاری رکھا۔ اس دوران پولیس وہاں پہنچ گئی اور ٹیچرس پر لاٹھی چارج کرتے ہوئے انھیں منتشر کردیا۔