حیدرآباد ۔ 9 نومبر (سیاست نیوز) ضلع سنگاریڈی کے نارائن کھیڑ میں واقع مہاتما جیوتی بائی پھولے بی سی بوائز ریسیڈنشیل اسکول کے 12 طلبہ بیمار ہوگئے۔ طلبہ بخار، پیٹ کا درد، قئے اور دست کا شکار ہوگئے۔ اسکول انتظامیہ کی جانب سے طلبہ کے والدین کو اطلاع دی گئی جس کے بعد والدین اسکول پہنچ کر بچوں کو اپنے گھر لے گئے۔ اس سے قبل اسکول کے عملہ نے طلبہ کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ ریسیڈنشیل اسکول میں موجود واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے خراب ہوجانے پر چند ماہ سے مشین بھاگیرتا کا پانی سربراہ کیا جارہا ہے۔ پائپ لائن لکیج کی وجہ سے پانی آلودہ ہوجانے کی طلبہ اور ان کے والدین شکایت کررہے ہیں۔ دو ماہ قبل ہی مقامی رکن اسمبلی سنجیو ریڈی نے ریسیڈنشیل اسکول کا معائنہ کرتے ہوئے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی مرمت کرنے کی ہدایت دی تھی۔ رکن اسمبلی کی ہدایت کو نظرانداز کرنے کا مقامی عوام الزام عائد کررہے ہیں۔ عہدیداروں کی جانب سے کوئی کارروائی نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کررہے ہیں۔2