نارائن کھیڑ میں چیف منسٹر کا آج جلسہ عام

   

ایک لاکھ عوام کی شرکت متوقع ، ریاستی وزیر ٹی ہریش کا دورہ اور انتظامات کا جائزہ

نارائن کھیڑ : ریاستی وزیر خزانہ اور محکمہ صحت ٹی ہریش راؤ نے حلقہ اسمبلی نارائن کھیڑ کا دورہ کرکے انورادھا کالج گراؤنڈ میں اخباری نمائندوں کو بتایا کہ چیف منسٹر کے چندرا شیکھر راؤ /21 فبروری کو نارائن کھیڑ کا دورہ کرکے بسویشورا سنگمیشورا لفٹ اریگیشن پراجکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ ان پراجکٹوں کی تعمیر کے بعد حلقہ اسمبلی نارائن کھیڑ ، حلقہ اسمبلی ظہیرآباد ، حلقہ اسمبلی اندول کے مواضعات میں موجود اراضیات کو کاشت کیلئے کسانوں کو کنال کے ذریعہ پانی سربراہ کیا جائے گا ۔ چیف منسٹر کے چندرا شیکھر راؤ حیدرآباد سے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ /21 فبروری کو نارائن کھیڑ کے انورادھا کالج گراؤنڈ 2 بجے دن پہنچ کر بسویشورا سنگمیشورا لفٹ اریگیشن پراجکٹس کا سنگ بنیاد رکھ کر جلسہ عام سے مخاطب کریں گے ۔ اس جلسہ عام میں ایک لاکھ عوام کی شرکت متوقع ہے ۔ ٹی ہریش راؤ نے عوام سے اپیل کی کہ جلسہ عام میں شرکت کرکے کامیاب بنائیں ۔ ٹی ہریش راؤ جلسہ عام اور مذکورہ پراجکٹوں کے سنگ بنیادیں رکھی جانے والی جگہ کا معائنہ کیا ۔ سرکاری عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اچھی طرح انتظامات انجام دیں ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ضلع سنگاریڈی کلکٹر ہنمنت راؤ ، ضلع سنگاریڈی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس رمنا کمار و دیگر محکموں کے عہدیدار موجود تھے ۔