ناراضگی دور کرنے اے آئی سی سی قائدین کی ہنمنت راؤ سے ملاقات

   

عادل آباد میں توہین آمیز رویہ کی شکایت، سابق رکن کونسل کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
حیدرآباد۔/18 جنوری، (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ کی ناراضگی دور کرنے کیلئے آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹریز بوس راجو اور سرینواس کرشنن کے علاوہ تادیبی کمیٹی کے صدر نشین ڈاکٹر جی چنا ریڈی نے قیامگاہ پہنچ کر ملاقات کی۔ اس موقع پر ریاست میں پارٹی کی صورتحال کے علاوہ رکنیت سازی مہم پر تبادلہ خیال کیا گیا۔متحدہ عادل آباد ضلع میں کسانوں کے مسئلہ پر دھرنا منظم کرنے کے موقع پر سابق رکن کونسل پریم ساگر راؤ کے حامیوں کی جانب سے ہنمنت راؤ کی توہین کا مسئلہ زیر بحث رہا۔ ہنمنت راؤ نے سابق رکن کونسل کے خلاف تادیبی کارروائی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اگر پردیش کانگریس کی سطح پر کارروائی نہیں کی گئی تو وہ صدر کانگریس سونیا گاندھی کو مکتوب روانہ کریں گے۔ اے آئی سی سی سکریٹری بوس راجو نے کہا کہ ریاست میں پارٹی کی رکنیت سازی مہم میں حصہ لیتے ہوئے مقررہ نشانہ کی تکمیل پر توجہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں ہنمنت راؤ کو سرگرم ہونے کا مشورہ دیا۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ وہ پارٹی میں ابھی تک کئی مرتبہ توہین برداشت کرچکے ہیں۔ ریونت ریڈی کے تقرر کی مخالفت کے باوجود ہائی کمان نے جب ان کا تقرر کیا تو پارٹی مفاد میں انہوں نے مخالفت ترک کردی باوجود اس کے ان کے خلاف مہم چلائی گئی۔ انہوں نے عادل آباد کے دورہ پر پیش آئے واقعہ کیلئے پریم ساگر راؤ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں پارٹی پروگراموں کو آگے بڑھانے اور پارٹی کے استحکام کیلئے ان کی خدمات ہمیشہ دستیاب رہیں گی۔ ر