کوئی بھی فیصلہ انفرادی نہیں ہوگا، عالم پور سے عادل آباد تک پدیاترا کی تیاریاں
حیدرآباد۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کے نونامزد صدر ریونت ریڈی نے پارٹی میں ناراض قائدین کو منانے کی کوششوں کا آغاز کردیا ہے۔ وہ ناراض قائدین سے ان کی قیامگاہ پہنچ کر ملاقات کرنے کا منصوبہ بنارہے ہیں۔ وہ کومٹ ریڈی برادران کے علاوہ وی ہنمنت راؤ، اتم کمار ریڈی، بھٹی وکرامارکا اور دیگر سینئر قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ میں پدیاترا کے آغاز کی منصوبہ بندی کریں گے۔ ریونت ریڈی کے نام کے اعلان کے بعد حیدرآباد کے علاوہ کئی اضلاع میں ان کے حامیوں کی جانب سے بڑے پیمانے پر جشن منایا گیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ صدر کی حیثیت سے وہ کوئی شخصی فیصلہ نہیں کریں گے بلکہ ہر فیصلہ قائدین سے اتفاق رائے کے بعد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عالم پور سے عادل آباد تک وہ پدیاترا کا منصوبہ رکھتے ہیں تاہم اس کے آغاز کی تاریخ کے بارے میں سینئر قائدین سے مشاورت کی جائے گی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ موجودہ حالات میں این ٹی آر یا وائی ایس آر پر تنقید کرنا مناسب نہیں ہے۔ کانگریس کے کارکن میرے ساتھ ہیں۔ کانگریس پارٹی کارکنوں کی مشکلات کو جدوجہد میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عوام دشمن ٹی آر ایس حکومت کو بیدخل کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ لنگوجی گوڑہ بلدی ڈیویژن میں ٹی آر ایس اور بی جے پی نے مشترکہ طور پر مقابلہ کیا لیکن کامیابی کانگریس کو حاصل ہوئی۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ تلنگانہ اور مرکز میں کانگریس پارٹی برسر اقتدار آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس بنیادی سطح پر مستحکم ہے اور کانگریس کو کمزور قرار دینے والے دراصل سیاسی شعور سے عاری ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ پارٹی کارکنوں اور قائدین کے ساتھ کانگریس کو تلنگانہ میں دوبارہ برسراقتدار لائیں گے۔