اپنے والد چندرا بابو نائیڈو سے معلومات حاصل کرنے کا مشورہ ، بنکاچرلہ پراجکٹ غیر قانونی
حیدرآباد یکم / اگست ( سیاست نیوز ) بی آر ایس کے رکن اسمبلی ٹی ہریش راؤ نے آندھراپردیش کے وزیر تعلیم نارا لوکیش کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پانی کے معاملے میں انہیں معلومات کا فقدان ہے ۔ اپنے والد چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے معلومات حاصل کرنے کا مشورہ دیا ۔ آج تلنگانہ بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ نارا لوکیش آندھراپردیش میں غیر قانونی طور پر تعمیر کئے جانے والے بنکاچرلہ پراجکٹ کے بارے میں غلط معلومات فراہم کرتے ہوئے نہ صرف اپنا سیاسی مستقبل مشکوک بنارہے ہیںبلکہ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ صرف سمندر میں ضائع ہونے والے پانی کو استعمال کرنے کا دعوی کر رہے ہیں۔ جس میں کوئی سچائی نہیں ہے ۔ اس غیر قانونی پراجکٹ سے تلنگانہ کے پانی کے مضافات کو نقصان پہونچے گا۔ انہوں نے ہر رکاوٹ کے باوجود بنکاچرلہ پراجکٹ تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ تعجب اس بات کا ہے کہ چیف منسٹر کے بشمول تلنگانہ کے ریاستی وزراء نے اس پر کوئی ردعمل کا اظہار نہیں کیا ہے اور نہ ہی اس پر کوئی تنقید کی گئی ہے ۔ نارا لوکیش نے کہا کہ ہم نے تلنگانہ میں تعمیر کئے گئے کالیشورم پراجکٹ کی کوئی مخالفت نہ کرنے کا جو دعویٰ کیا ہے وہ بھی جھوٹا ہے ۔ 2