حیدرآباد۔/4 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش ہائی کورٹ نے اِسکل ڈیولپمنٹ کارپوریشن اسکام کیس میں تلگودیشم کے قومی جنرل سکریٹری نارا لوکیش کی ضمانت قبل از گرفتاری میں 12 اکٹوبر تک توسیع کی ہے۔ ہائی کورٹ میں آج سماعت کے موقع پر لوکیش کے وکیل نے ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع کی درخواست کی۔ سی آئی ڈی کی جانب سے ایڈوکیٹ جنرل سری رام سبرامنیم نے عدالت کو بتایا کہ حکومت کی جانب سے انہیں کوئی ہدایت نہیں ملی ہے اور عدالت کی جانب سے دی گئی ضمانت قبل از گرفتاری کی میعاد آج ختم ہوچکی ہے۔ ایڈوکیٹ جنرل نے مقدمہ کی آئندہ سماعت آئندہ چہارشنبہ کو مقرر کرنے کی اپیل کی جس پر عدالت نے لوکیش کی ضمانت قبل از گرفتاری میں 12 اکٹوبر تک توسیع کردی۔ اسی دوران تلگودیشم کے آندھرا پردیش صدر اچن نائیڈو نے کہا کہ نارا لوکیش کل 5 اکٹوبر کو نئی دہلی سے آندھرا پردیش واپس ہوں گے۔ وہ راجمندری یا وجئے واڑہ پہنچیں گے۔ وہ جنا سینا کے ساتھ مفاہمت کے سلسلہ میں کمیٹی تشکیل دیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ لوکیش اپنی پدیاترا دوبارہ شروع کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ انر رنگ روڈ اور اِسکل ڈیولپمنٹ اسکام میں سی آئی ڈی کی جانب سے لوکیش کی گرفتاری کے اندیشہ کے تحت وہ نئی دہلی میں مقیم تھے اور ہائی کورٹ کی جانب سے ضمانت قبل از گرفتاری کی منظوری کے بعد حیدرآباد واپسی کا فیصلہ کیا ہے۔