حیدرآباد ۔31۔ اگست (سیاست نیوز) آندھراپردیش میں صدر تلگو دیشم این چندرا بابو نائیڈو کے فرزند نارا لوکیش کی پد یاترا کے 200 دن آج مکمل ہوگئے ۔ نوجوانوں کی آواز کے عنوان سے نارا لوکیش نے پد یاترا کا آغاز کیا اور 200 دنوں کی تکمیل پر آندھراپردیش کے تمام اسمبلی حلقہ جات میں تلگو دیشم کارکنوں نے اظہار یگانگت کے طور پر یاترا کا اہتمام کیا۔ نارا لوکیش جو تلگو دیشم کے قومی جنرل سکریٹری ہیں، 200 دنوں کی تکمیل پر افراد خاندان میں پد یاترا میں حصہ لیتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔ ایلور ضلع کے کوئلا گوڑیم میں آج صبح پد یاترا کا آغاز ہوا جس میں لوکیش کی والدہ نارا بھونیشوری اور دیگر افراد خاندان نے حصہ لیا۔ نارا لوکیش نے والد اور افراد خاندان کے ساتھ کچھ فاصلہ طئے کیا اور اس موقع پر عوام کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا ۔ مقامی کارکنوں نے فروٹس پر مبنی ہار تیار کرتے ہوئے نارا لوکیش کا استقبال کیا۔ جگن موہن ریڈی حکومت کی ناکامیوں سے عوام کو واقف کرانے اور تلگو دیشم کیڈر کے خلاف مقدمات کی مخالفت کرتے ہوئے نارا لوکیش نے پد یاترا کا آغاز کیا جس پر تمام اضلاع میں غیر معمولی تائید حاصل ہوئی ہے۔ پارٹی کارکنوں کو امید ہے کہ نارا لوکیش کی پد یاترا سے پارٹی آندھراپردیش میں دوبارہ برسر اقتدار آئے گی ۔ اس موقع پر نارا لوکیش نے پارٹی کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ تنظیمی استحکام کیلئے مساعی کریں۔