نئی دہلی : نارتھ ایسٹ ایم پیز فورم نے جمعرات کو منی پور تشدد میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور اسے بدقسمتی قرار دیا۔فورم نے ریاست کے لوگوں سے ‘تشدد’ سے باز رہنے کی اپیل کی ہے ، کیونکہ اس طرح کی کارروائیوں سے صرف تناؤ بڑھے گا، جس سے معصوم لوگوں کو زیادہ نقصان پہنچے گا۔شمال مشرقی ریاست کے اراکین کو لکھے گئے خط میں، مرکزی وزیر قانون اور انصاف کرن رجیجو نے لکھا، “ہم ان خاندانوں کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں جنہوں نے منی پور میں ہونے والے افسوس ناک واقعات میں اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے ۔ اس تنازعہ میں جان و مال کا نقصان تکلیف دہ ہے ۔ ہم ان لوگوں کے ساتھ ہیں جو ان المناک واقعات سے متاثر ہوئے ہیں۔”جمعرات کو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردہ اپنے خط میں، فورم کے چیئرمیں رجیجو نے لکھا، “ہم کمیونٹی کے تمام اراکین سے اس مشکل وقت میں اکٹھے ہونے اور ہمارے معاشرے میں امن اور ہم آہنگی کی بحالی کے لیے کام کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔ آئیے ہم ان لوگوں کے ساتھ اپنی یکجہتی اور حمایت کا اظہار کریں جو متاثر ہوئے ہیں اور ایک بہتر کل کی تعمیر کے لیے کام کریں۔ ہم ان تمام لوگوں کو ضروری مدد اور حمایت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں جو ان المناک واقعات سے متاثر ہوئے ہیں۔”
