نئی دہلی: ہندوستان کی اولمپک تاریخ میں انفرادی تمغہ جیتنے والوں کی فہرست میں بہت سے عظیم کھلاڑی شامل ہیں ۔ اس فہرست میں پہلا نام نارمن پریچرڈ کا ہے ، جنہوں نے سال 1900 کے پیرس اولمپیاڈ میں شاندار کارکردگی پیش کرکے ہندوستان کاپرچم دنیا کے سامنے بلند کیا۔ نارمن گلبرٹ پریچرڈ کو ان کے اسٹیج کے نام نارمن ٹریور سے بھی جانا جاتا ہے ۔ ایک برطانوی ہندوستانی اتھلیٹ اور اداکار جو پہلے ایشیائی نژاد اولمپک میڈلسٹ بنے ۔ پریچرڈ کو ہندوستان کا پہلا اولمپک میڈلسٹ مانا جاتا ہے ۔ پیرس گیمز 1900میں نارمن نے دو ٹریک مقابلوں میں 200 میٹر اور 200 میٹر ہرڈل ریس میں ہندوستان کیلئے تمغے جیتے تھے ۔ اس طرح ہندوستان کااولمپکس میں تمغہ جیتنے کا سفر شروع ہوا۔ پریچرڈ 23 جون1895 کو کلکتہ شہر میں پیدا ہوئے ۔نارمن کے والدین کا نام جارج پیٹرسن پریچرڈ اور ہیلن مینارڈ پرچرڈ تھا۔
نارمن کا پورا نام گلبرٹ نارمن پٹ کارڈ تھا۔ چھوٹی عمر سے ہی کھیلوں میں دلچسپی تھی۔ انہوں نے سینٹ زیویئر کالج کلکتہ سے تعلیم حاصل کی۔ پریچرڈ کے والدین انگریز تھے لیکن انہوں نے اپنی ابتدائی زندگی کا بیشتر حصہ ہندوستان میں ہی گزارا۔ پریچرڈ نے اپنے اسکول کے دنوں میں کھیلوں کے بہت سے مقابلوں میں حصہ لیا اور خاص کر فٹ بال کے ایک ماہر کھلاڑی ثابت ہوئے ۔