ناروے کو شکست،انگلینڈ سیمی فائنل میں داخل

   

پیرس ۔28 جون (سیاست ڈاٹ کام ) فیفا ویمنز ورلڈ کپ فٹبال ٹورنمنٹ میں انگلینڈ نے ناروے کو باآسانی 3-0 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔فیفا ویمنز ورلڈ کپ فٹبال ٹورنمنٹ کے کوارٹر فائنل کے پہلے میچ میں انگلینڈ اور ناروے کے درمیان فرانس کے اسٹیڈے اوشیانے لی ہیورے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کا آغاز انتہائی سنسنی خیز رہا اور 14 ویں منٹ میں انگلینڈ کی جل اسکاٹ نے خوبصورت گول کرکے اسکور 1-0 کردیا۔ پہلے ہاف کے اختتام سے قبل انگلینڈ کی ایلن وائٹ نے ٹیم کی برتری 2-0 کردی، دوسرے ہاف میں بھی انگلینڈ کی کھلاڑیوں نے دبائو برقرار رکھا، 57 ویں منٹ میں موسی برونزے نے تیسرا گول کیا۔ قبل ازیں انگلینڈ کی کوچ فل نیویلی نے کہا کہ میچ جیتنے کے لیے سر دھڑ کی بازی لگا دیں گے، اگرچہ مخالف ٹیم بھی مکمل تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی لیکن ہم نے انہیں زیر کرنے کی منصوبہ بندی کرلی ہے۔