ناروے کی وزیراعظم کا آئندہ ہفتہ دورۂ ہند

   

اوسلو۔3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ناروے کی وزیراعظم ایرنا سولبرگ آئندہ ہفتہ ہندوستان کے تین روزہ دورے پر آئیں گی جہاں موصوفہ اپنے ہندوستانی ہم منصب نریندر مودی سے ملاقات کرتے ہوئے مختلف امور پر بات چیت کریں گی تاکہ دونوں ممالک کے درمیان ہمہ جہتی شراکت داری کو مزید مستحکم کیا جاسکے۔ ہندوستان کی وزارت خارجی امور نے بھی محترمہ سولبرگ کے دورہ کی توثیق کی ہے اور یہ بھی بتایا کہ وہ 7 جنوری کو ہندوستان آئیں گی اور رائسینا ڈائلاگ اور انڈیا۔ناروے بزنس سمٹ کا افتتاح اور خطاب کریں گی۔ اپنے پروگرام کے مطابق موصوفہ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند اور نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو سے بھی ملاقات کریں گی۔ وزیر خارجہ ہند سشما سوراج بھی سولبرگ سے ملاقات کریں گی۔ یاد رہے کہ ہندوستان اور ناروے کے درمیان ہمہ جہتی تعلقات ہیں جن میں معاشی اور تکنیکی تعاون قابل ذکر ہے۔ ناروے کی زائداز 100 کمپنیوں نے ہندوستان میں سرمایہ کاری کی ہے جن میں جہاز سازی، پٹرولیم سے مربوط خدمات، ہائیڈروپاور، صاف ستھری توانائی اور آئی ٹی سرویسس قابل ذکر ہیں۔