تغذیہ کی کمی کو دورکرنے اور پانی کی بچت میں اہم رول ادا کرنے کا مشورہ
نئی دہلی ۔ /8 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے ناری شکتی کا ایوارڈ پانے والی خواتین پر زور دیا کہ وہ تغذیہ کی کمی اور پانی کی بچت کو یقینی بنانے میں اہم رول ادا کریں ۔ ہندوستان میں تغذیہ کا مسئلہ اور پانی کی بچت کا مسئلہ بھی تشویشناک ہے ۔ اپنی سرکاری رہائش گاہ پر ناری شکتی ایوارڈ حاصل کرنے والی 15 خواتین کے منجملہ 14 خواتین سے ملاقات کرتے ہوئے وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ ان خواتین کے کارنامے یونیورسٹیوں کیلئے تعلیم کا ایک اہم حصہ ثابت ہوں گے ۔ کشمیر سے تعلق رکھنے والی عارفہ نے مودی کے سوشیل میڈیا پر بھی اپنی رائے پیش کی ہے ۔ عالمی یوم خواتین کے موقع پر انہوں نے کہا کہ کشمیر میں انٹرنیٹ پر پابندی سے جموں و کشمیر کے دستکاری کے کاروبار کا احیاء مشکل ہوگیا ہے ۔ وزیراعظم نے اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اب ان کا کام نہایت ہی تیزی کے ساتھ فروغ پائے گا لیکن آج بڑی تیزی سے بدلنے والا ہے آپ کا کام ۔ مودی نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ ہر مشکلات کو دور کرنے وہ آگے آئیں ۔ مودی نے کہا کہ صاف ستھرا ہندوستان یا سوچھ بھارت مشن کو اکیلے طور پر حکومت نے پورا نہیں کیا بلکہ اس میں خواتین کا بھی بہت بڑا حصہ رہا ہے ۔ خواتین کو تغذیہ کی کمی کو دور کرنے میں بھی آگے آنا ہوگا ۔ وزیراعظم کا خیال تھا کہ خواتین چاہے تو جل جیون مشن کو بھی کامیاب بناسکتی ہیں ۔