بطور احتجاج صدر تلنگانہ پردیش کانگریس نے 1+1 سیکوریٹی محکمہ پولیس کو واپس کردی
حیدرآباد/17 اگسٹ، ( سیاست نیوز) پولیس کے خلاف ریمارکس پر محکمہ پولیس نے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس و رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی کی سیکوریٹی گھٹادی ۔ بطور احتجاج ریونت ریڈی نے 1+1 کی سیکوریٹی محکمہ پولیس کو واپس کردی۔ ذرائع سے پتہ چلا کہ ریونت ریڈی کی سیکوریٹی پر مامور پولیس عہدیدار چہارشنبہ سے بغیر اطلاع غیر حاضر تھے۔ گاندھی بھون میں اجلاس میں پولیس کے خلاف ریمارکس کرتے ہوئے ریڈ ڈائری میں ان کے نام تحریر کرنے ، 100 دن کے بعد کانگریس کی حکومت قائم ہونے پر ان کے خلاف کارروائی کا انتباہ دیا تھا۔ ان ریمارکس کے بعد انہیں فراہم کی گئی سیکوریٹی کے گن مین ڈیوٹی سے غیر حاضر تھے۔ ماضی میں ریونت ریڈی کو 4+4 سیکوریٹی دی گئی تھی جس کو بعد میں گھٹا کر 2+2 کردیا گیا۔ ریونت ر یڈی نے ان کی سیکوریٹی برخواست کردینے کے خدشہ کا اظہار کیا تھا جس پر ڈی جی پی نے ردعمل کا اظہار کرکے کسی کی بھی سیکوریٹی نہ ہٹانے کا دعویٰ کیا تھا۔ ذرائع سے اطلاع ملی ہے کہ ان کی سیکوریٹی گھٹا کر 1+1 کردی گئی تھی جس کو قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے انہیں جو سیکوریٹی فراہم کی گئی تھی ریونت ریڈی نے اس سے دستبرداری اختیار کرکے گن مین کو واپس کردیا۔ ریونت ریڈی کے ریمارکس کے خلاف پولیس یونین تنظیم نے سخت اعتراض کیا اور ریاست کے 20 سے زائد پولیس اسٹیشنوں میں ریونت ریڈی کے خلاف مقدمات درج کئے گئے۔ تلنگانہ پولیس آفیسرس اسوسی ایشن کے صدر وائی گوپی ریڈی نے صدر پردیش کانگریس کے ریمارکس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پولیس حکومت کا حصہ ہے، پولیس حکومت کے احکام پر کام کرتی ہے، ریڈ ڈائری کا مطلب کیا تمہارا شخصی دستور ہے ، ریونت ریڈی سے استفسار کیا۔ن
