لکھنؤ،3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) عالمی وبا کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے نفاذ لاک ڈاؤن کی وجہ سے لمبے عرصے سے اپنے گھروں سے ہزاروں کلومیٹردورپھنسے 847 غیرمقیم مزدور اتوارکو خصوصی ٹرین سے مہاراشٹرکے ناسک ریلوے اسٹیشن سے اترپردیش کی راجدھانی لکھنؤ پہنچ گئے ہیں۔ریلوے ذرائع نے یہاں بتایا کہ ناسک ریلوے اسٹیشن سے 847مزدوروں کو لے کر اسپیشل ٹرین (02121) علی الصبح لکھنؤ پہنچی۔ مزدوروں کا دھیان رکھتے ہوئے انتظامیہ نے سترہ کوچوں کی ٹرین چلائی تھی۔ لکھنؤ پہنچنے کے بعد سبھی غیر مقیم مزدوروں کا میڈیکل چیک اپ کیا گیا۔ اسکیننگ کے بعد ان سبھی کو ریلوے اسٹیشن احاطے میں ہی ناشتہ کا پیکٹ دیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ ریلوے وضلع انتظامیہ کے ساتھ ہی محکمہ ٹرانسپورٹ اور محکمہ صحت کی ٹیمیں کافی تعداد میں پہلے سے مستعد تھیں۔ میڈیکل جانچ کے بعد سبھی کو خصوصی بسوں سے ان کے ضلعوں کیلئے روانہ کردیا گیا ہے ۔ جہاں پر یہ سبھی لوگ چودہ دنوں کورنٹائن میں رہنے کے بعد وہ اپنے اپنے گھر جائیں گے۔
