ناظرین کے بغیر آئی پی ایل ، مہمان کے بغیر شادی:عرفان

   

نئی دہلی۔16جون ( سیاست ڈاٹ کام )ہندستانی کرکٹ ٹیم کے سابق سرکردہ آل راؤنڈر عرفان پٹھان نے ناظرین کے بغیر انڈین پریمیر لیگ کے انعقاد کی مخالفت کرتے ہوئے اس طرح کے انعقاد کو باراتیوں اور مہمانوں کے بغیر شادی سے تعبیر کیا ہے۔ خوفناک کورونا وائرس کی وجہ سے اس وقت ہندستان میں کرکٹ اور اس سے متعلقہ سرگرمیاں تعطل کا شکار ہیں۔ ملک اور دنیا کی باوقار ٹی 20 لیگ آئی پی ایل کو بھی ملتوی کردیا گیا ہے اور اب شائقین کے بغیر کرکٹ میچوں کے انعقاد کی باتیں کی جارہی ہیں۔ اس پر سابق ہندوستانی بولر عرفان پٹھان نے کہا ہے کہ انڈین پریمیر لیگ سیزن ناظرین کے بغیر ‘مہمانوں کے بغیر شادی’ کی طرح ہوگا۔پٹھان نے ٹائمز آف انڈیا ڈاٹ کام کو بتایا کہ اس وقت راست کرکٹ ایکشن زیادہ اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہمانوں اور باراتیوں کے بنا شادی نامکمل معلوم ہوتی ہے۔اگر ناظرین وشائقین کے بغیر آئی پی ایل کھیلا جائے گا تو ہم بھی ایسا ہی محسوس کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ لیکن باراتی کے بغیر بھی شادی ہوتی ہی ہے۔