ناظر رباط حسین شریف سے صدر نشین حج کمیٹی محمد سلیم کی ملاقات

   

حرم کے توسیعی کاموں کے سبب جاریہ سال رباط کا انتظام ممکن نہیں
حیدرآباد۔/31 مئی، ( سیاست نیوز) صدر نشین تلنگانہ حج کمیٹی الحاج محمد سلیم نے دورہ سعودی عرب کے موقع پر ناظر رباط حسین شریف سے ملاقات کی اور عازمین حج کیلئے رباط میں قیام کے انتظامات کو یقینی بنانے کی خواہش کی۔ جاریہ سال حرم شریف کے توسیعی کاموں کے سلسلہ میں اطراف کی عمارتوں کو منہدم کیا جارہا ہے جن میں حیدرآبادی رباط کی عمارت بھی شامل ہے۔ ناظر رباط نے جاریہ سال عازمین حج کیلئے رباط کے انتظامات پر معذرت کا اظہار کیا اور کہا کہ بڑے پیمانے پر عمارتوں کے انہدام کے نتیجہ میں دوردراز کے مقام پر عازمین کیلئے رہائشی عمارت کرایہ پر حاصل کرنا ممکن نہیں ہے۔ اب جبکہ دنیا بھر سے عازمین حج کا آمد کا جلد آغاز ہوگا لہذا عمارت کے حصول کے لیے حکومت سے اجازت حاصل کرنا ممکن نہیں ہے۔ ناظر رباط حسین شریف نے تیقن دیا کہ وہ حج 2023 میں عازمین حج کیلئے رابط کے موثر انتظامات کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال تقریباً 1200 سے زائد عازمین کیلئے رہائشی انتظامات کئے جاتے رہے ہیں۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے ناظر رباط سے خواہش کی کہ کسی طرح رباط کے انتظامات کو کم از کم آئندہ سال کیلئے یقینی بنائیں۔ انہوں نے حج کمیٹی کی جانب سے حیدرآباد میں حج کیمپ اور ایر پورٹ پر کئے جارہے انتظامات کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ حسین شریف نے صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی منتخب ہونے پر محمد سلیم کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں عازمین حج کیلئے موثر انتظامات کئے جائیں گے۔ر