ناقابل تسخیر نیوزی لینڈ کا آج جنوبی افریقہ سے مقابلہ

   

لندن ۔ 18 جون (سیاست ڈاٹ کام) رواں آئی سی سی ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم ناقابل تسخیر موقف میں ہے جبکہ جنوبی افریقی ٹیم کو سیمی فائنل میں رسائی کیلئے اپنے تمام مقابلوں میں بھاری فرق کے ساتھ کامیابی حاصل کرتے ہوئے دوسری ٹیموں کے نتائج پر بھی انحصار کرنا ہوگا جس کیلئے کل اسے نیوزی لینڈ کا سامنا کرنا ہے۔ جنوبی افریقی ٹیم جس نے اپنے گذشتہ مقابلہ میں ٹورنمنٹ میں سب سے نیچے موجود افغانستان کی ٹیم کو شکست دے کر پہلی کامیابی حاصل کی ہے تو دوسری جانب نیوزی لینڈ کا ہندوستان کے ساتھ گذشتہ مقابلہ بارش کی نذر ہوا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم جدوجہد کررہی حریف جنوبی افریقہ کے خلاف ایک اور کامیابی حاصل کرتے ہوئے دوبارہ نمبر ایک مقام پر فائز ہونے کیلئے کوشاں ہے۔ نیوزی لینڈ کیلئے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر ٹرینٹ بولڈ اہم ہوں گے تو دوسری جانب نیوزی لینڈ کیلئے ربادا جنوبی افریقہ کی فاسٹ بولنگ شعبہ کی قیادت کریں گے۔ جنوبی افریقی ٹیم کے کھلاڑیوں کے گذشتہ مقابلہ میں حاصل ہونے والی کامیابی سے حوصلے بلند ہیں۔