دبئی ۔28 جون (سیاست ڈاٹ کام ) ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کی بدولت ہندوستانی کرکٹ ٹیم عالمی نمبر ایک بن گئی ہے اور انگلینڈ کی ٹیم تنزلی کے بعد ایک درجہ نیچے چلی گئی ہے۔ورلڈ کپ میں اب تک ناقابل شکست ہندوستانی ٹیم کو اس کی شاندار کارکردگی اور انگلش ٹیم کی حیران کن شکستوں کا صلہ مل گیا اور ہندوستانی ٹیم عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر فائز ہو گئی ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل عالمی نمبر ایک کے درجے پر فائز تھی لیکن ورلڈ کپ کے دوران پاکستان کے بعد سری لنکا اور آسٹریلیا کے خلاف شکست کے بعد انگلش ٹیم کے پوائنٹس 122ہو گئے ہیں اور وہ دوسرے نمبر پر چلی گئی ہے۔ اس طرح 123 پوائنٹس کی حامل ہندوستانی ٹیم عالمی نمبر ایک بن گئی ہے لیکن 30جون کو ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان میچ میں ہندوستان کی شکست انگلینڈ کو دوبارہ عالمی نمبر ایک بنا سکتی ہے۔عالمی درجہ بندی میں نیوزی لینڈ 114پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، آسٹریلیا 112پوائنٹس کے ساتھ چوتھے، پانچویں نمبر پر موجود جنوبی افریقہ کے 109 پوائنٹس ہیں۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان پھر 13پوائنٹس کا واضح فرق ہے اور پاکستانی ٹیم 96پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہے جبکہ ساتویں نمبر پر موجود بنگلہ دیش کے 92پوائنٹس ہیں۔ سری لنکا آٹھویں، ویسٹ انڈیز نویں اور افغانستان 10ویں نمبر پر موجود ہے۔