ناقص امپائرنگ نے پاکستان کو نقصان پہنچایا:ہربھجن

   

چنئی : ہندوستانی ٹیم کے سابق ٹسٹ کرکٹر ہربھجن سنگھ نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں ناقص امپائرنگ اور خراب قوانین پاکستان کو مہنگے پڑگئے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں ہربھجن سنگھ نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو قانون تبدیل کرنا چاہیے۔ سابق آف اسپنر سنگھ نے کہا کہ گیند اسٹمپ کو لگ رہی ہے تو اْسے آؤٹ دینا چاہیے، چاہے امپائر اْسے آؤٹ دے یا نہ دے، اگر یہی قانون ہے تو پھر ایسی ٹیکنالوجی کا فائدہ کیا؟ سوشل میڈیا پرکرکٹ شائقین کی جانب سے بھی جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں امپائرنگ پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ ورلڈکپ کے سنسنی خیز میچ میں جنوبی افریقہ کی اننگز کے 46ویں اوورکی آخری گیند پر افریقہ کو جیت کے لیے 8 رنز جبکہ پاکستان کو کامیابی کے لیے صرف ایک وکٹ درکار تھی۔ اس وقت حارث رؤف نے جنوبی افریقہ کے ٹیل اینڈر بیٹر تبریز شمسی کو گیند ڈالی جو ان کے پیڈ پر لگی، پاکستانی ٹیم کی جانب سے ایل بی ڈبلیو کی اپیل کی گئی، لیکن میدان میں موجود امپائر نے ناٹ آؤٹ دیا، جس پر پاکستان نے ری ویو لینے کا فیصلہ کیا۔ ری ویو میں نظر آیا کہ حارث کی گیند وکٹ کو معمولی چھو رہی ہے لیکن میدان کے امپائر کی جانب سے ناٹ آؤٹ دیا گیا تھا اس لیے وہ امپائر کے فیصلے کی وجہ سے ری ویو کے بعد بھی بیٹر ناٹ آؤٹ ہی رہا۔